خطبات محمود (جلد 36) — Page 98
$1955 98 خطبات محمود جلد نمبر 36 ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اسلام سے محبت رکھتے ہیں۔پس تم پہلے پختہ ارادہ کرو کہ تم اسلامی تعلیم پر عمل کرو گے اور پھر کوئی ایسا آدمی تلاش کرو جو تمہیں سیدھے راستہ کی طرف چلائے۔اور اگر کوئی شخص تمہاری اور تمہارے بھائیوں کی رہنمائی کرے گا تو تم بھی اُسی طرح کامیابی حاصل کر لو گے جس طرح ہماری جماعت کی لڑکیاں کامیاب ہوئی ہیں۔پس اپنے دلوں میں تبدیلی پیدا کرو تا کہ خدا تعالیٰ تمہارے حالات میں بھی تبدیلی پیدا کرے۔تمہارے حالات تمہارے ہاتھ میں نہیں بلکہ ان کا انحصار تمہارے دل پر ہے۔اگر تم اپنے دلوں میں تغیر پیدا کر لوتو یقیناً خدا تعالیٰ کی مدد تمہارے پاس آئے گی اور تم کامیابی حاصل کرلو گے۔تم سے جدا ہوتے ہوئے میں آخری بار تم سے کہتا ہوں کہ اپنے دلوں سے سستی کو دور کرو اور عزم کر لو کہ تم سچائی کو دنیا میں پھیلا دو گے اور اس کو ہر انسان کے دل اور دماغ میں ڈال دو گے اور اُس وقت تک چین سے نہیں بیٹھو گے جب تک تم اس کام کو سرانجام نہ دو گے۔خدا تعالیٰ تمہاری بھی مدد کرے اور میری بھی۔اگر چہ میں کمزور ہوں اور بیماری کی وجہ سے میری قوت یادداشت کافی حد تک اثر پذیر ہے تاہم دعا کرو کہ اللہ تعالیٰ کے علم میں جس قدر میری زندگی باقی ہے اس میں سچائی کی اشاعت کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کر سکوں۔اور میری موت اُس گھوڑے کی طرح نہ ہو جو اپنی گاڑی کے آگے گر پڑتا ہے۔بلکہ اُس گھوڑے کی طرح ہو جو آخری وقت تک اپنے کام کو کرتا چلا جاتا اور گاڑی کو اپنی منزل کی طرف کھینچتا چلا جاتا ہے۔میں دلی طور پر یہ چاہتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ مجھے ایسی بیماری سے محفوظ رکھے جو مجھے نا کارہ کر دے تا کہ میں اپنے آخری سانس تک انسانیت کی خدمت کرتا چلا جاؤں۔آمین “ الفضل 19 اگست 1955ء[ ترجمہ انگریزی ]) 1: اصل خطبہ انگلش میں تھا۔