خطبات محمود (جلد 35) — Page 265
$1954 265 27 خطبات محمود مومن کی ہمدردی کا دامن تمام بنی نوع انسان تک وسیع ہونا چاہیے جب قوم پر کوئی مصیبت آ جائے تو پورے جوش کے ساتھ خدمت خلق میں حصہ لینا چاہیے (فرمودہ یکم اکتوبر 1954ء بمقام ربوہ) تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: ” نقرس کے حملہ کی وجہ سے میں گزشتہ جمعہ بھی مسجد میں نہیں آسکا اور اس سے پہلے بھی کچھ دن نمازوں کے لیے نہیں آ سکا۔اس دفعہ تین سال کے بعد نقرس کا شدید حملہ ہوا ہے۔اگر چہ یہ پہلے حملے کی طرح سخت نہیں تھا تاہم میں گھٹنے کی درد اور اس کے ورم کی وجہ سے سجدہ نہیں کر سکتا تھا۔میں یا تو اشارہ سے سجدہ کر لیتا تھا اور یا تین چار تکیے ایک دوسرے کے اوپر رکھ کر اُن پر سجدہ کرتا تھا۔اب بھی میری لات میں درد ہے گو اتنی نہیں جتنی پہلے تھی اور درد کی تیزی کی وجہ سے جو بخار ہو جایا کرتا تھا وہ بھی اب محسوس نہیں ہوتا۔بہر حال میں ابھی سجدہ نہیں کر سکتا۔میں نے گاؤ تکیہ منگوا لیا ہے تا کہ اگر زمین پر سجدہ نہ کر سکوں تو گاؤ تکیہ کو سامنے رکھ کر اُس پر سجدہ کر لوں۔