خطبات محمود (جلد 34) — Page 361
$1953 361 خطبات محمود آئیں کہ وہ یہ دن ضائع نہیں کریں گے۔میں پچھلے کئی سالوں سے جماعت کو اس طرف توجہ دلا رہا ہوں۔لیکن میری اس نصیحت پر صحیح طور پر عمل نہیں ہوا۔لوگ تقاریر کے دوران میں اِدھر اُدھر پھر کرا اپنا وقت ضائع کر دیتے ہیں۔پس یہ وقت دینی کاموں میں لگائیں۔تین دن تو انسان پھانسی کے ستون پر بھی گزار سکتا ہے۔اور یہ رہائش اُس سے تو بہر حال آسان ہے۔ان تین دنوں میں یہی فرق ہوتا ہے کہ کچھ رہائش میں کمی آجاتی ہے اور کچھ کھانے میں کمی آجاتی ہے اور کیا ہوتا ہے۔پھر کیوں وہ یہ تین دن دینی کاموں میں خرچ نہیں کر سکتے۔پس جب تم سالانہ جلسہ پر آؤ تو اپنا سارا وقت دین کے لیے خرچ کرو۔اور جو دوست تمہارے ساتھ جلسہ پر آئیں اُن کی بھی نگرانی کرو کہ وہ اپنا وقت دینی کاموں میں لگائیں تا تم خدا تعالیٰ کی رضا کو حاصل کر سکو۔شریعت میں اعتکاف کی عبادت بھی رکھی ہے۔یہ اعتکاف کیوں رکھا ہے؟ اس کی حکمت بھی یہی ہے کہ جب انسان اپنے ارادہ کو کلی طور پر خدا تعالیٰ کی طرف منتقل ہے کر دیتا ہے تو خدا تعالیٰ کے فضل اُس پر نازل ہونے لگ جاتے ہیں۔اسی طرح جب کوئی شخص اپنے دنیوی کاموں سے منہ موڑ کر خدا تعالیٰ کے لیے مسجد میں بیٹھ جاتا ہے اور دن رات وہیں رہتا ہے ہے تو وہ خدا تعالیٰ کے فضلوں کو جذب کر لیتا ہے۔لیکن اگر کوئی شخص اعتکاف بیٹھے اور سارا دن باہر پھر تار ہے تو تم جانتے ہو کہ اس کا اعتکاف اعتکاف نہیں ہوتا۔اسی طرح ایک لڑکا اگر اسکول جاتا تو ہے لیکن وہ اکثر وقت باہر پھرتا رہتا ہے، کلاس میں نہیں جاتا تو تم جانتے ہو کہ اُسے اسکول کا فائدہ ی حاصل نہیں ہوتا۔یہی حال جلسہ سالانہ کا ہے۔جو شخص جلسہ کے لیے ربوہ آتا ہے اور پھر اپنے سارے وقت کو دینی کاموں میں نہیں لگاتا اسے جلسہ کا فائدہ کم ہوتا ہے۔اور خدا تعالیٰ کے فضل بھی اسی نسبت سے اُسے کم ملتے ہیں۔اگر کوئی شخص اپنا وقت خدا تعالیٰ کی راہ میں لگائے تو چاہے اُسے کوئی بات سمجھ آئے یا نہ آئے خد تعالیٰ کے فرشتے تو جانتے ہیں کہ وہ سارا وقت خدا تعالیٰ کی راہ میں ہے بیٹھا رہا اور یہ بھی ثواب کا موجب ہوتا ہے اس سے کسی شخص کا خانہ خالی نہیں رہ سکتا چاہے وہ ایک لفظ بھی نہ سمجھ سکے۔اللہ تعالیٰ کے دربار میں لکھا جائے گا کہ وہ ہماری خاطر بیٹھا رہا۔جب انسان ارادہ کر کے بیٹھ جاتا ہے۔تو چاہے وہ کوئی زبان بولتا ہو اور کسی ملک میں رہتا ہو اس کے نام پر یہ لکھا جاتا ہے کہ وہ خدا تعالیٰ کی خاطر بیٹھا رہا اور اس نے اتنا وقت خدا تعالیٰ کی خدمت میں گزارا۔