خطبات محمود (جلد 32)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 103 of 291

خطبات محمود (جلد 32) — Page 103

$1951 103 خطبات محمود سبق دیتی ہے کہ بڑے ہو کر تمہیں بھی اپنے بچوں کی محبت حاصل کرنے اور ان کے حوصلوں کو بلند کرنے کے لیے ایسا کرنا ہو گا۔اسی طرح تمہیں بھی یادرکھنا چاہیے کہ تمہارے اندر بھی ایمان اُسی وقت پیدا ہو گا جب تم ان واقعات کو دہرانے لگ جاؤ گے تم اپنی مجلسوں اور اپنے گھروں میں بار بار بیان کرو کہ جو خدا حضرت اسحاق علیہ السّلام، حضرت موسی علیہ السلام، حضرت عیسی علیہ السلام اور دیگر انبیاء کا تھا وہی خدا تمہارا ہے۔جس طرح خدا نے اپنے ان پیارے بندوں کو نہیں چھوڑا تھا تم بھی اگر اُس کے ساتھ ویسے تعلقات پیدا کر لو گے تو وہ تمہیں بھی نہیں چھوڑے گا۔جب تمہاری مجلسوں اور تمہارے گھروں میں اس بات کا چرچا شروع ہو جائے گا تو ہر بچہ کے اندر یہ یقین پیدا ہوگا کہ ہمارے خدا نے یوں کہا ہے۔پس ان باتوں کو بار بار دہراؤ ، عورتیں، علماء، واعظ، اساتذہ اور مصنف سب اِن باتوں کو دہرائیں۔بار باران باتوں کو ذہن میں لائیں اور لوگوں کے سامنے بیان کریں تا وہ حقیقت کہ جس سے زیادہ رحمت کسی فرد پر ہو نہیں سکتی دلوں میں گھر کر جائے۔اور رات دن یہ بات تمہارے سامنے رہے کہ ایک زندہ خدا ایک ہاتھ میں تلوار برہنہ لیے اور ایک ہاتھ میں رحمت کا پانی لیے تمہارے سر پر کھڑا ہے۔مخالفت کرنے والا اُس کی تلوار کو گردن پر لے لیتا ہے اور اُس سے محبت کرنے والا اُس کی رحمت کو جذب کرنے کی کوشش کرتا ہے“۔غیر مطبوعه مواد از ریکارڈ خلافت لائبریری ربوہ )