خطبات محمود (جلد 29) — Page 390
$1948 390 خطبات محمود حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی پیشگوئی ہے کہ یہاں مخلص لوگ ضرور ہوں گے۔پس جب تک وہ مقصد پورا نہیں ہوتا جس کے لیے اللہ تعالیٰ نے اس جماعت کو قائم فرمایا ہے اُس وقت تک لاہور کی جماعت میں کچھ نہ کچھ مخلص ضرور رہیں گے۔اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ چیز بھی لاہور کی جماعت کے لیے فخر کا موجب ہو سکتی ہے۔کم سے کم ایسے لوگ جن کے دلوں میں ایمان کی تڑپ ہو اور وہ سمجھتے ہوں کہ گو ہم کمزور ہیں مگر طاقتور بننا چاہیے، جن کے دلوں میں یہ خواہش ہو کہ گو ہم کم علم ہیں مگر دین کا علم حاصل کرنا چاہتے ہیں ایسے لوگوں کے لیے یہ چیز بھی ایک رنگ میں محرک ہو سکتی ہے۔ہوسکتا ہے کہ وہ یسے شہر میں ہوتے جس کے متعلق اس قسم کی کوئی خبر نہ ہوتی کہ وہاں مخلصوں کا ہونا ضروری ہے۔مگر اب وہ ایسے شہر میں ہیں جس کے متعلق اللہ تعالیٰ کی طرف سے یہ خبر ہے کہ یہاں مخلصوں کا ہونا ضروری ہے۔پس ایسا شخص جس کے دل میں نیکی اور تقوی میں ترقی کرنے کی خواہش موجود ہو اُس کے لیے ایک سہارا موجود ہے، ایک امید دلانے والی شعاع موجود ہے۔وہ سمجھے گا کہ جب کچھ نہ کچھ مخلص افراد اس میں ضرور ہونے چاہیں تو کیوں نہ کوشش کر کے میں خود ہی اس مقام کو حاصل کر لوں۔جب خدا کہتا ہے کہ اس شہر میں نیک افراد بھی ہوں گے تو کیوں نہ میں بھی ان نیک افراد میں اپنے آپ کو شامل کرنے کی کوشش کروں۔میں جانتا ہوں کہ لاہور کی جماعت کے متعلق مجھے بہت کچھ کہنا پڑا ہے اور بار بارمیں نے اس جماعت کو اس کی کمزوریوں کی طرف توجہ دلائی ہے مگر اس کی وجہ اخلاص کی کمی نہیں بلکہ تنظیم کی کمزوری ہے۔یہ شہر اب اتنا بڑا ہو گیا ہے اور اس کی آبادی اتنی بڑھ چکی ہے کہ معمولی شہروں والا نظام اب یہاں کامیاب نہیں ہو سکتا۔یہاں لازماً اب ہمیں اور انتظام کرنا پڑے گا۔کیونکہ جس طرح چھوٹے شہروں میں ہر جگہ آسانی کے ساتھ پہنچا جا سکتا ہے اُس طرح یہاں ایک دوسرے کے پاس نہیں پہنچا جاسکتا۔اسی لیے میں نے توجہ دلائی تھی کہ مختلف حلقوں میں مساجد کے لیے کوئی نہ کوئی جگہ مخصوص کر لینی چاہیے۔چاہے وہ کتنی چھوٹی ہو۔میری غرض اس سے یہ تھی کہ جب مسجدیں بنیں گی تو لازما مبلغ بھی رکھنے پڑیں گے۔بڑے مبلغ نہ سہی دیہاتی مبلغ بھی رکھ دیئے گئے تب بھی اس کے نتیجہ میں شہر کے مختلف مرکز بن جائیں گے اور نگرانی میں آسانی ہو جائے گی۔یہ شہر دس بارہ میل لمبا اور سات آٹھ میل چوڑا ہے اور اتنے بڑے شہر میں کوئی معمولی انجمن کام نہیں کر سکتی۔دنیا کے باقی بڑے شہروں میں بھی