خطبات محمود (جلد 29)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 101 of 477

خطبات محمود (جلد 29) — Page 101

$1948 101 خطبات محمود ہوتی ہے۔خود ایک مسلمان عالم کا قول ہے کہ كُلُّ شَيْءٍ فِي تَفْسِيرِ الرَّازِى إِلَّا تَفْسِيرِ القُرْآنِ یعنی تفسیر رازی میں ہر قسم کے علوم پائے جاتے ہیں سوائے قرآن کریم کی تفسیر کے۔اس کی وجہ یہی ہے کہ وہ کہیں صرف کی طرف چلے گئے ہیں، کہیں نحو کی طرف چلے گئے ہیں، کہیں دوسرے ظاہری علوم کی طرف چلے گئے ہیں۔قرآن کریم کا جو اصل مغز تھا اُس کی طرف نہیں گئے۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ایک حد تک صرفی اور نحوی باتیں ہماری تفسیر میں بھی موجود ہیں مگر اُسی حد تک جس حد تک کسی آیت کی تفسیر کے لیے ضروری ہوتی ہیں ورنہ بیشتر حصہ ہماری تفسیر میں وہی ہوتا ہے جو مطلوب اور مقصود ہوتا ہے ضمنی باتیں بہت کم ہوتی ہیں اور اگر اُن کا ذکر کرنا ہی پڑے تو اُسی قدر کیا جاتا ہے جس کے بغیر چارہ نہیں ہوتا۔مثلاً ایک بچہ ہے اگر ہم اُسے اتنا سکھا دیتے ہیں کہ ”ماں تو اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ وہ ماں کی طرف متوجہ ہو جائے گا اور جب اُسے دودھ کی ضرورت محسوس ہوگی وہ اپنی والدہ کو ماں کہہ کر بلا سکے گا۔اتنا حصہ تو بہر حال ضروری ہے۔لیکن اگر ہم یہ بحثیں شروع کر دیں کہ تمہاری ماں کس خاندان سے ہے اور اُس کا رشتہ تمہارے باپ سے کس طرح ہوا لڑکی کے ماں باپ نے کس طرح مخالفت کی اور پھر بعد میں یہ کس طرح رشتہ دینے پر رضامند ہوئے ، مہر کے کیا اصول ہیں ، عائلی زندگی کو بہتر بنانے کے کیا طریق ہیں تو ہمارا اپنا وقت بھی ضائع ہوگا اور بچہ کی سمجھ میں بھی کچھ نہیں آئے گا۔خالی ”اماں“ کا لفظ سکھانا تو ضروری ہے۔اگر ہم اسے یہ لفظ نہیں سکھائیں گے تو وہ اپنی ماں کو بلا نہیں سکے گا لیکن اور تشریحات کی اُسے ضرورت نہیں ہوگی۔اسی طرح وہ دنیوی علوم جو قرآن کریم سمجھنے کے لیے اقل طور پر ضروری ہیں اُن کو ایک حد تک ہم بھی پیش کرتے ہیں لیکن اصل چیز جو ہماری تفسیر میں نظر آئے گی وہ یہی ہوگی کہ فلاں آیت کا پہلی آیت سے کیا جوڑ ہے؟ اس آیت کا پچھلی آیت سے کیا تعلق ہے؟ سارے رکوع کا آپس میں کیا جوڑ ہے؟ ایک سورۃ کا دوسری سورۃ سے کیا تعلق ہے؟ پھر کئی کئی سورتیں مل کر کیا ہے مضمون پیدا کرتی ہیں؟ کونسے امتیازی نشانات قرآن کریم کو حاصل ہیں ؟ خدا تعالیٰ نے قرآن کریم کو کیوں نازل کیا اور اسے دوسرے مذاہب کی کتب کے مقابلہ میں کیا فوقیت حاصل ہے؟ یہ مضامین ایسے ہیں کہ جب انسان ان پر غور کرتا ہے تو اُسے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک ایسا نور عطا ہوتا ہے جس سے دنیا کے تمام علوم کو سمجھنے کا ملکہ اس کے اندر پیدا ہو جاتا ہے۔میں یہ نہیں کہتا کہ قرآن کریم میں فلسفہ کی وہ تمام تشریحات موجود ہیں جو فلسفی بیان کرتے ہیں ، میں یہ نہیں کہتا کہ قرآن کریم میں