خطبات محمود (جلد 28) — Page 55
خطبات محمود 55 سال 1947ء اور اُس کا کام بھی عمدہ ہوتا ہے۔اسی طرح جو لوگ متواتر اور باقاعدہ طور پر تبلیغ کرتے ہیں اُن کے اندر تبلیغ کرنے کا ملکہ پیدا ہو جاتا ہے اور وہ کئی مبلغوں سے بڑھ جاتے ہیں اور ان کے ذریعہ اللہ تعالی سینکڑوں لوگوں کو ہدایت دے دیتا ہے۔ہماری جماعت کے ایک دوست تبلیغ کا بہت شوق رکھتے تھے۔وہ اب فوت ہو چکے ہیں اور اُن کا ذکر اخبارات سلسلہ میں کم آیا ہے۔وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے پرانے مخلص صحابیوں میں سے تھے۔اُن میں تبلیغ کا بے انتہا ء جوش تھا۔ان کا نام مولوی عبد اللہ تھا اور وہ کھیوہ باجوہ کے رہنے والے تھے۔عام لوگ ایک بیعت کا وعدہ کرتے ہوئے بھی گھبراتے ہیں۔لیکن مولوی صاحب کو تبلیغ کا اس قدر شوق تھا کہ چالیس پچاس ساٹھ آدمی سالانہ احمدی بنانے کا وعدہ کرتے تھے اور پھر اپنے وعدے سے بھی آگے نکل جاتے تھے۔اُن کو تبلیغ کرنے کی ایک دُھن تھی اور ان کے ذریعہ کئی اضلاع می میں جماعتیں قائم ہوئیں۔اب بھی کئی دوست ایسے ہیں جو کہ تبلیغ کرنے کا بہت شوق دیکھتے ہیں اور جتنی تبلیغ وہ کر سکتے ہیں کرتے ہیں۔لیکن ہم یہ چاہتے ہیں کہ جماعت کی اکثریت میں یہ جنون ہے کام کرتا ہوا نظر آئے۔حقیقت یہ ہے کہ ایک چھوٹی سی چیز کو اگر یقینی اور قطعی حساب کے ذریعہ معلوم کیا جائے تو وہ کہیں کی کہیں جا نکلتی ہے اور اسے ایک غیر معمولی حیثیت حاصل ہو جاتی ہے۔جیسا کہ میں نے پہلے بھی کئی دفعہ ذکر کیا ہے جس شخص نے شطرنج ایجاد کی جب وہ اُسے مکمل کر چکا تو وہ اُسے لے کر بادشاہ کے پاس گیا اور کہا بادشاہ سلامت ! میں نے ایک ایسی کھیل ایجاد کی ہے جو کہ خالی کھیل ہی نہیں بلکہ اس کے ذریعہ جنگ کے فنون اور سیاست کے علوم سیکھے جاسکتے ہیں۔بادشاہ کو وہ کھیل پسند آ گئی۔بادشاہ نے کہا اچھا مانگو تمہیں اس کے بدلے میں کیا انعام دیا جائے؟ جو تم مانگو گے میں دونگا۔کھیل کے موجد نے کہا مجھے اور کچھ نہیں چاہیئے۔صرف میری شطر نج کے خانوں کو کوڑیوں سے بھر دیا جائے۔اور ایسے طور پر بھرا جائے کہ پہلے خانہ سے اگلے خانے میں دُگنی کوڑیاں ہوں۔مثلاً پہلے میں ایک دوسرے میں دو تیسرے میں چار چوتھے میں آٹھ۔بادشاہ نے کہا تم یہ کیا مانگ رہے ہو ہم سے کوئی بڑا انعام ما نگو۔اُس نے کہا مجھے یہی انعام چاہیئے۔آپ مجھے یہی دے دیں۔آخر بادشاہ چڑ گیا اور اُس نے غصے کے ساتھ خزانچی کو کہا کہ اچھا اس کی شرط کے مطابق شطرنج کے خانوں کو کوڑیوں سے بھر دو۔تھوڑی دیر کے بعد خزانچی