خطبات محمود (جلد 27)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 221 of 706

خطبات محمود (جلد 27) — Page 221

*1946 221 خطبات محمود اشانٹی علاقہ شمال میں فرانسیسی علاقہ سے ملتا ہے اور اس پر عربی اثر بھی ہے۔وہ لوگ سارے کے سارے حبشی ہیں بلکہ عرب آمیزش سے ایک ایسا طبقہ بھی ان میں موجود ہے جس کی شکلیں عرب لوگوں سے ملتی جلتی ہیں۔ان لوگوں میں زیادہ تر بت پرست ہیں۔پرسوں مولوی عبد الخالق صاحب کا مجھے خط آیا کہ میں اس علاقہ میں گیا تو لاری کے پہنچنے سے قبل ہی بہت سے لوگ ہجوم کر کے جمع تھے۔جب میری لاری پہنچی تو انہوں نے شور مچانا شروع کر دیا کہ الْحَمْدُ لِلَّهِ الْحَمْدُ لِلَّهِ۔میں حیران ہوا کہ یہ کون لوگ ہیں۔اتنے میں یکدم انہوں نے پوچھا کہ ہمارا مبلغ کہاں ہے ؟ تب مجھے معلوم ہوا کہ یہ لوگ احمد یہ جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔وہ مجھے ایک مکان پر لے گئے ، بڑی عزت سے ٹھہرایا اور ایک گھنٹہ تک باتیں ہوتی رہیں۔آخر انہوں نے کہا کہ ”اوہان ہن سے بھی آپ مل لیں۔میں نے کہا ” اوہان ہن “ کیا چیز ہے ؟ انہوں نے کہا کہ ”اوہان ہن“ ہمارے ملک کا بادشاہ ہے۔میں نے کہا۔بادشاہ کیا ؟ یہ تو انگریزی علاقہ ہے۔مگر بہر حال میں نے کہا بہت اچھا میں ان سے مل لیتا ہوں۔جب میں اس کے محل پر پہنچا تو اس نے میرا استقبال کیا۔درمیان میں ترجمان بیٹھ گیا اور ہم باتیں کرتے رہے۔بعد میں میں نے تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ انگریزوں نے اشانی قبائل والوں کو تلوار کے زور سے فتح نہیں کیا جب باقی ملک انہوں نے فتح کر لیا تو اشانٹی والوں نے انگریزوں سے معاہدہ کر لیا۔چنانچہ قانون ان کا اپنا چلتا ہے، مجسٹریٹ ان کے اپنے ہوتے ہیں اور زمین بھی ان کی اپنی ہے۔انگریزوں کا براہ راست کوئی دخل نہیں ہوتا۔اس جگہ پر سب سے زیادہ کثرت بُت پرستوں کی ہے۔دوسرے نمبر پر عیسائی ہیں اور تیسرے نمبر پر مسلمان ہیں۔گویا بُت پرستوں اور عیسائیوں کی کافی تعداد ہے لیکن مسلمان کمزور ہیں۔تھوڑا ہی عرصہ ہوا گولڈ کوسٹ کے علاقہ میں عیسائیوں نے ایک بہت بڑی میٹنگ کی تھی جس میں اس بات پر بہت زور دیا گیا تھا کہ مسلمانوں نے باقی علاقوں میں بہت بڑی تنظیم کر لی ہے۔اب شمال کے علاقوں میں ہمیں متحدہ حملہ کر دینا چاہئے تاکہ احمدیوں کے پہنچنے سے پہلے پہلے ہم سب علاقہ کو عیسائی بنالیں۔پہلے وہاں صرف رومن کیتھولک والوں کا مشن تھا مگر اب تو اور بھی بہت سے عیسائی مشن کھل چکے ہیں اور سب نے مل کر اسلام پر دھاوا بول دیا ہے۔