خطبات محمود (جلد 26)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 430 of 516

خطبات محمود (جلد 26) — Page 430

خطبات محمود 430 +1945 بڑے آرام سے اور بغیر کسی تکلف کے کہا ”بھائیا حاجیا! میرے پاس تے ایہی چادر سی۔میں تے پالے نال مرجاں گی مینوں میری چادر دے دے۔“ یعنی اے بھائی حاجی! میرے پاس تو یہی چادر ہے اگر تم نے یہ چادر مجھے نہ دی تو میں سردی سے مر جاؤں گی۔مہربانی کر کے مجھے میری چادر دے دو۔ابھی وہ یہ کہہ رہی تھی کہ پاس سے ہی کسی شخص نے اسے فور اچادر دے دی اور کہا یہ لے اپنی چادر۔لیکن تو مجھے یہ بتا کہ تجھے یہ کس طرح معلوم ہوا کہ میں حاجی ہوں؟ تجھے نظر تو آتا نہیں پہلے یہ رواج تھا کہ حاجی اکثر نیلا گر تہ پہنتے تھے اور دیکھنے والا سمجھ جاتا تھا کہ یہ شخص حاجی ہے) اُس بوڑھی عورت نے جواب دیا کہ ”ایہو جیسے کم حاجی ہی کر دے نے “ یعنی ایسے کام حاجی ہی کیا کرتے ہیں۔تو اس عورت نے لمبے تجربہ کے بعد یہ سمجھ لیا تھا کہ سب سے زیادہ شقی القلب وہی ہوتا ہے جو حاجی ہو۔گو تمام حاجی ایک جیسے نہیں ہوتے لیکن وہ لوگ جو اس نیت سے حج کرتے ہیں کہ دنیا انہیں حاجی کے نام سے پکارے اور حاجی ہونے کی وجہ سے ان کی عزت کی جائے وہ اکثر شقی القلب ہوتے ہیں۔اور بہت حد تک ذمہ داری ان نام کے حاجیوں کی اُن لوگوں پر ہے جو ان کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے اور انہیں حاجی کے نام سے پکارتے ہیں۔اسی خواہش کی وجہ سے اکثر لوگ حج کرتے ہیں۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حاجی تھے، آپ کے صحابہ حاجی تھے ، مگر کیا کبھی کسی نے حدیث میں پڑھا ہے کہ حاجی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یا حاجی ابو بکر یا حاجی عمر یا حاجی عثمان یا حاجی علی یا حاجی طلحہ یا حاجی زبیر یا حاجی حسن یا حاجی حسین؟ حالانکہ ان سب لوگوں نے حج کیا ہوا تھا۔کیا لوگوں میں سے کسی نے کبھی ان کو حاجی کہا ہے ؟ لیکن اب لوگوں نے حاجی ایک عزت کا نام سمجھ لیا ہے اور اس جھوٹی عزت کے لالچ اور حرص کے ماتحت حج کرنے جاتے ہیں۔لیکن حقیقت یہ ہے کہ انسان کا جسم لاکھ طواف کرے جب تک دل طواف نہیں کرتا اُس وقت تک ظاہری طواف انسان کو روحانی طور پر کوئی فائدہ نہیں پہنچاتا۔جب میں حج کے لئے گیا تو میں نے دیکھا کہ جب لوگ عرفہ کی طرف جارہے تھے ایک ہندوستانی نوجوان اردو کے نہایت گندے عشقیہ اشعار پڑھتا جارہا تھا۔ایسے حج سے اُسے کیا روحانی طور پر فائدہ پہنچ سکتا تھا۔پس یہ ہو سکتا ہے کہ حاجی ہو مگر اُس کے در تقویٰ نہ ہو۔مگر یہ نہیں ہو سکتا کہ متقی ہو اور حج نہ کرے۔یہ اور بات ہے کہ ایک متقی کے