خطبات محمود (جلد 23) — Page 489
$1942 489 خطبات محمود فنانشل سیکرٹری تحریک جدید کے پاس بھیج دے۔جس کو میں نے اس کام کے لئے مقرر کیا ہے۔پھر اس رقم سے اخبار اور رسالے اس فہرست کے مطابق تقسیم کئے جائیں گے جو دفتر مرکزی تیار کرے گا۔ہاں ایسے دوست ایسے ناموں سے اطلاع دے سکتے ہیں جن کے نام پر چہ جاری کرنا ان کے خیال میں مفید ہو گا۔ایسی تجاویز کا آنا یقیناً ہمارے کام میں محمد ہو گا مگر فیصلہ مرکز کے اختیار میں ہو گا۔وہ ایسے دوستوں کی تجویز کا پابند نہ ہو گا۔اس بارہ میں میں ایک اور امر بھی واضح کر دینا چاہتا ہوں جو بعض دوستوں کے خطوط سے معلوم ہوتا ہے کہ ابھی ان پر واضح نہیں ہوا۔عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ اس تحریک میں حصہ لینے کے یہ معنے ہیں کہ کوئی ایک پرچہ یا ایک سے زیادہ پرچے جاری کرائے جائیں لیکن میرا یہ منشاء نہیں۔جو شخص ایک یا ایک سے زیادہ پرچے جاری کرا سکتا ہے بے شک وہ زیادہ ثواب کا مستحق ہے۔کسی نیک تحریک میں جتنا زیادہ حصہ کوئی شخص لیتا ہے اتنا ہی زیادہ ثواب کا وہ مستحق ہو گا مگر تحریک جدید کی طرح یہ کسی معین رقم کی تحریک نہیں بلکہ ایک عام تحریک ہے اور عام تحریک اسی کو کہہ سکتے ہیں جس میں رقم معین نہ ہو۔اگر ہم اس تحریک کو بھی انہی لوگوں تک محدود رکھیں جو کم سے کم ایک اخبار جاری کر اسکیں تو اس کے یہ معنے ہوں گے کہ اس میں صرف وہی لوگ حصہ لے سکیں گے کہ جو کم سے کم اڑھائی روپے یا چار روپے دے سکیں کیونکہ “الفضل ” کے ایک خطبہ نمبر کی قیمت اڑھائی روپیہ ہے اور سن رائز کی قیمت چار روپے۔مگر بہت سے دوست ایسے ہو سکتے ہیں جن کو اڑھائی روپیہ یا چار روپے دینے کی توفیق نہیں مگر ان کے دل میں تبلیغ میں حصہ لینے کا جوش اور خواہش ہے۔اس لئے اس تحریک کو صرف مالدار لوگوں تک محدودرکھنا مناسب نہیں بلکہ میں چاہتا ہوں کہ جماعت کا ہر فرد اس میں حصہ لینے کی کوشش کرے۔چاہے ایک پیسہ یا دھیلہ دے کر ہی لے۔فرض کرو ایک ایک پیسہ دے کر ایک سو ساٹھ آدمی اڑھائی روپے جمع کرتے ہیں تو ان میں سے ہر ایک اس تبلیغ میں حصہ دار ہو سکے گایا اگر چالیس دوست ایک ایک آنہ دینے کی توفیق رکھتے ہیں اور وہ مل کر اڑھائی روپے جمع کر دیتے ہیں اور اس طرح ایک پرچہ جاری کراتے ہیں تو کوئی وجہ نہیں کہ انہیں اس عام تحریک سے محروم رکھا جائے یا علی قدر مراتب بعض دوست دو دو آنے یا چار چار آنه