خطبات محمود (جلد 23)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 364 of 589

خطبات محمود (جلد 23) — Page 364

خطبات محمود 364 * 1942 تو تم خود ہی غور کر لو کہ تم میں سے کتنے ہیں جو اپنے نفس کو اس قسم کی قربانی پر تیار پاتے ہیں۔تم مت سمجھو کہ یہ وقت دور ہے۔اب وہ دن جن میں جماعت کو اس رنگ میں قربانیاں کرنی پڑیں گی، دور نہیں معلوم ہوتے بلکہ بہت ہی قریب آ پہنچے ہیں اور جنگ کے بعد کے قریب ترین عرصہ میں ہمیں ان قربانیوں کو پیش کرنا ہو گا۔تیاری کا وقت ختم ہو رہا ہے۔کام کا وقت نزدیک آ گیا ہے۔اس لئے یہ خیال اپنے ذہنوں میں سے نکال دو کہ ہم لڑنے والی قوم نہیں ہیں۔تم خون کی ندیوں میں چلنے کے لئے تیار رہو۔اپنی گردنیں دشمنوں کے ہاتھوں کٹوانے کے لئے آمادہ رہو اور اس بات کو سمجھ لو کہ اس قسم کی قربانیوں کے بغیر جماعتی ترقی ناممکن ہے۔یہ خیال اپنے دلوں میں کبھی مت آنے دو کہ چونکہ تم امن سے رہتے ہو، فتنہ وفساد میں حصہ نہیں لیتے اس لئے دنیا تمہارا خون نہیں بہائے گی۔با امن قوموں کو بھی دنیا میں مارا جاتا ہے اور ان پر بھی ایسا وقت آتا ہے جب انہیں کہا جاتا ہے کہ مرتے جاؤ اور بڑھتے جاؤ مگر میرے لئے ابھی جماعت کی موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ اس میں سے ہر شخص اس رنگ میں قربانی کرنے کے لئے تیار ہو گا۔ابھی چند دن کی بات ہے ہماری جماعت کے ایک دس سالہ بچے نے مجھے ایک خط لکھا جسے پڑھ کر مجھے حیرت بھی آئی اور خوشی بھی۔اس نے اپنے خط میں لکھا کہ آپ ہمیشہ اپنے خطبات اور تقریروں میں جماعت کو قربانیوں کی طرف توجہ دلاتے ہیں مگر ساتھ ہی کہتے ہیں کہ ابھی جماعت اس کے لئے پورے طور پر آمادہ نہیں ہوئی۔آپ کا یہ خیال نوجوانوں کی نسبت صحیح نہیں۔وقت آنے پر آپ کو معلوم ہو گا کہ جماعت کا ہر نوجوان اپنے آپ کو موت کے منہ میں ڈالنے کے لئے تیار ہے۔مجھے اس بچے کا یہ خط پڑھ کر مزہ تو بہت آیا مگر مزہ ضرورت کو پورا نہیں کر دیا کرتا۔جس قسم کی قربانیوں کی ہماری جماعت کو ضرورت ہے اور جس قسم کی قربانیوں سے کام لے کر ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ان کا تو خیال کر کے بھی دل کانپ جاتا ہے۔لرز اٹھتا ہے کہ نہ معلوم جماعت اس بوجھ کو اٹھا سکے گی یا نہیں۔وہ لوگ جو ابھی نمازوں میں ہی سست ہیں ، وہ لوگ جو ابھی اپنی زبان کو ہی گالیوں سے نہیں روک سکتے ، وہ لوگ جو اپنے بھائیوں سے لڑنے کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں ان سے میں یہ کب امید کر سکتا ہوں کہ وقت آنے پر وہ دین کے لئے ہر قسم کی