خطبات محمود (جلد 23) — Page 127
$1942 127 (11) خطبات محمود قادیان میں مکانوں کے کرایہ کے متعلق انتظام اور قادیان کی حفاظت کے متعلق بیرونی جماعتوں کا فرض (فرموده یکم مئی 1942ء) تشہد، تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔” آج میں ایک ایسے معاملہ کے متعلق کچھ کہنا چاہتا ہوں جو قادیان کے ساتھ تعلق رکھتا ہے۔چونکہ ان ایام میں خطرہ بھی ہندوستان کے لئے بہت بڑھتا چلا جاتا ہے اور خطرہ سے زیادہ افواہیں بڑھتی جاتی ہیں اس لئے جماعت کے بہت سے احباب باہر سے اپنے خاندانوں کو قادیان بھجوا رہے ہیں اور یا تو یہ حالت تھی کہ قادیان میں بڑھتے ہوئے مکانوں کی وجہ سے کئی مکان خالی پڑے رہتے تھے اور یا آج یہ حالت ہے کہ عمارت بنانے کی دقتوں کی وجہ سے مکان تو نئے بن نہیں رہے مگر مکین بہت زیادہ ہو رہے ہیں اور اس وجہ سے قادیان میں مکانوں کی خاص طور پر دقت محسوس ہو رہی ہے حتی کہ بعض لوگوں کو مہینہ مہینہ مکان کی تلاش میں انتظار کرنا پڑا مگر پھر بھی مکان میسر نہ آیا۔اس سلسلہ میں میرے پاس متعدد شکایات آئی ہیں۔خصوصیت سے اس بارہ میں کہ وہ لوگ جن کے مکان یہاں ہیں بلاوجہ کرائے دُگنے لگنے کرتے جارہے ہیں۔اگر عام نگاہ سے دیکھا جائے تو بے شک مکان کے مالک کو اختیار ہے کہ کرایہ بڑھا سکے اور رہنے والے کو اختیار ہے کہ چاہے تو اس مکان میں نہ رہے مگر جو جماعتیں نظام کی پابند ہوتی ہیں ان کے لئے ایسے عام قاعدوں پر عمل درست نہیں ہوتا۔میں نے کئی دفعہ وضاحت کے ساتھ یہ بات بیان کی ہے کہ قادیان کی جماعت کا بڑا حصہ اس نظام سے فائدہ اٹھا رہا ہے جو یہاں