خطبات محمود (جلد 21)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 237 of 486

خطبات محمود (جلد 21) — Page 237

$1940 237 خطبات محمود اگر بیوی کو وہ وفات دے دے تو میں اسے کس طرح زندہ کر سکتا ہوں۔یا فرض کرو بیوی کو مجھے سے شدید نفرت ہو جائے اور وہ قاضی کے پاس خلع کی درخواست کر دے تو میں کیا کر سکتا ہوں۔ایسی حالت میں بالکل ممکن ہے کہ خاوند کہے کھانا تیار کرو اور بیوی کہے کہ کھانا کیسا؟ میں تو قاضی کے پاس خلع کی درخواست لے کر چلی ہوں۔پس چونکہ تمام سامان خدا تعالیٰ کی طرف سے ہوتے ہیں اور وہی ہر کام کے لئے اسباب مہیا کرتا ہے اس لئے مومن ہر مشکل کے وقت خدا کی طرف جھکتا ہے اور اس سے اپنی مصیبت کے دور ہونے کی التجا کرتا ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ ظاہری سامانوں سے بھی فائدہ اٹھاتا ہے لیکن بہر حال یہ انابت ہوتی ہے دعا نہیں ہوتی۔پس اول تو یہ نادان شریعت سے ناواقفیت کی وجہ سے سمجھتے ہی نہیں کہ دعا کیا چیز ہوتی ہے؟ پھر اسی ناواقفیت کی وجہ سے وہ خیال کرتے ہیں کہ انسان کی ہر دعا ضرور قبول ہونی چاہیئے۔حالانکہ اگر یہ اصول درست ہو کہ ہر مشکل کے وقت جب کوئی شخص دعا کرے تو اس کی دعا کو ضرور قبول ہو جانا چاہیئے تو ماننا پڑے گا کہ آج تک کوئی نبی بھی قبولیت کے مقام پر کھڑا نہیں ہوا۔آخر سوچنا چاہیے کہ کیا حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کی قوم کو مشکلات پیش آئی تھیں یا نہیں ؟ تاریخ سے ثابت ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام اس جنگل میں وفات پاگئے جس کے سامنے وہ موعود ملک تھا، جس کے متعلق خدا کا حضرت موسیٰ علیہ السلام سے یہ وعدہ تھا کہ اس میں تو اور تیری قوم داخل ہو گی۔اب کیا کوئی کہہ سکتا ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اس ملک میں داخل ہونے کے متعلق دعائیں نہیں کی ہوں گی۔یقینا کی ہوں گی مگر اللہ تعالیٰ کی مشیت سے وہ دعائیں قبول نہ ہوئیں۔اسی طرح حضرت یوسف علیہ السلام نے جب ایک خواب دیکھا جس کی تعبیر یہ تھی کہ ان کے بھائی ان کی مخالفت کریں گے تو کیا حضرت یعقوب علیہ السلام نے دعائیں نہیں کی ہوں گی کہ میرے بچے یوسف کی مخالفت نہ کریں اور خدا ان کو تقویٰ و طہارت اور پاکیزگی سے زندگی بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔مگر کیا یہ دعا قبول ہوئی ؟ اور کیا انہی بھائیوں نے حضرت یوسف علیہ السلام کو شدید تکالیف نہیں پہنچائیں؟ پھر انجیل میں صاف لکھا ہے کہ صلیب دیے جانے سے پہلے حضرت عیسی علیہ السلام تمام رات اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں کرتے رہے کہ :