خطبات محمود (جلد 20) — Page 61
خطبات محمود ۶۱ ۵ سال ۱۹۳۹ء جماعت میں قومی اور ملتی روح پیدا کریں تعلیم دین پھیلائیں اور جسمانی و دماغی آوارگی کو روکیں۔(فرموده ۱۰ / فروری ۱۹۳۹ء) تشہد ، تعوذ اور سورۂ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا :- میں نے پچھلے خطبہ میں اس امر کا ذکر کیا تھا کہ خدام الاحمدیہ جیسی جماعت کا وجود ایک نہایت ہی ضروری اور اہم کام ہے اور نوجوانوں کی درستی اور اصلاح اور ان کا نیک کاموں میں تسلسل ایک ایسی بات ہے جسے کسی صورت میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔میں نے بتایا تھا کہ مستورات کی اصلاح کے لئے لجنہ اماءاللہ کا قیام اور مردوں کی اصلاح کے لئے خدام الاحمدیہ کا قیام گو یا دونوں ہی قومی تحریک کے دو بازو ہیں اور تربیت کی تکمیل کے لئے نہایت ضروری امور میں سے ہیں۔میں نے خدام الاحمدیہ کو توجہ دلائی تھی کہ اُن کو اپنے کام ایک پروگرام کے ماتحت کرنے چاہئیں۔یہ نہیں کہ بغیر پروگرام کے کام کرتے رہیں کیونکہ اس طرح بغیر پروگرام کے کام کرنے سے چنداں فائدہ نہیں ہوتا۔آج میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ خدام الاحمدیہ کو اپنے قریب مستقبل میں اور بعید میں بھی بعض باتیں اپنے پروگرام میں شامل کرنی چاہئیں۔ممکن ہے ان کے سوا بعد میں بعض اور باتیں بھی شامل ہوتی جائیں لیکن مستقبل قریب میں انہیں مندرجہ ذیل باتوں پر خاص توجہ کرنی چاہئے۔