خطبات محمود (جلد 1) — Page 3
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ پیش لفظ حضرت المصلح الموعود کے خطبات کے مجموعہ کی پہلی جلد احباب کے ہاتھوں میں ہے۔یہ تمام خطبات سلسلہ کے اخبارات سے لئے گئے ہیں۔چونکہ انہیں زود نویسوں نے قلمبند کیا ہے اور ابتدائی دور میں تو کہنہ مشق زود نویس بھی میسر نہیں تھے اس لئے یہ ممکن ہے کہ بعض مقامات پر زود نویس نے مفہوم کو اپنے الفاظ میں ادا کیا ہو یا وہ فقرات میں ربط اور ترتیب قائم نہ رکھ سکا ہو۔یا وہ مفہوم کو صحیح رنگ میں سمجھ ہی نہ سکا ہو۔اس کے علاوہ ہمارے ملک میں مروجہ طریق کتابت و طباعت کی وجہ سے عموماً ہر کتاب میں اغلاط رہ جاتی ہیں۔اور اخبارات و رسائل کی طباعت میں تو خاص طور پر وقت کی کمی کے باعث اتنی احتیاط اور کوشش اور توجہ ممکن ہی نہیں۔ان خطبات میں بھی بعض مقامات پر محسوس ہوتا ہے کہ زود نویس یا کاتب حضور کے بیان کو پوری طرح ضبط میں نہیں لا سکا۔بعض جگہ عبارت میں ربط نہیں اور فقرات کی ترتیب درست معلوم نہیں ہوتی۔یا یہ احساس ہوتا ہے کہ کچھ الفاظ رہ گئے ہیں۔اس بارے میں یہ تو کوشش کی گئی ہے کہ حاشیہ میں اس طرف اشارہ کر دیا جائے لیکن متن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔بلکہ کتابت کی بعض صریح اغلاط کو بھی نظر انداز کر کے نقل مطابق اصل کا اصول اختیار کیا گیا ہے۔یہ بھی کوشش کی گئی ہے کہ ان خطبات میں جو حوالہ جات آئیں یا جو تاریخی واقعات بیان کئے گئے ہیں ان کے اصل ماخذ کا حوالہ دیا جائے۔ان حوالہ جات کی صحت کی تمام تر ذمہ داری مرتب پر ہے۔جہاں مرتب اپنی کم علمی کے باعث کوئی حوالہ تلاش کرنے سے قاصر رہا ہے۔وہ جگہ خالی چھوڑ دی گئی ہے تاکہ حوالہ مل جانے پر اسے مکمل کیا جاسکے۔خاکسار اس کتاب کی ترتیب کے سلسلے میں امداد کے لئے بہت سے بزرگوں اور دوستوں