خطبات محمود (جلد 18) — Page 1
خطبات محمود 0 سال ۱۹۳۷ء اپنے مقصود کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھو (فرموده یکم جنوری ۱۹۳۷ء) تشہد ، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: - مجھے پرسوں سے نزلہ اور کھانسی اور بخار کی شکایت ہے اس وجہ سے میں اونچی آواز سے بول نہیں سکتا اور دوسرے دوستوں کے ذریعہ سے اپنی آواز پہنچانے پر مجبور ہوں۔آج کا جمعہ نئے سال کا پہلا جمعہ ہے اور پہلا دن بھی ہے۔پس ہمیں اس جمعہ میں آئندہ کیلئے ایسے ارادے قائم کرنے چاہئیں جو اس نئے سال میں ہمارے لئے چستی اور محنت کا سامان پیدا کرتے رہیں۔بہت سے انسان اس لئے نیک کاموں سے محروم رہ جاتے ہیں کہ ان کے سامنے کوئی مقصود نہیں ہوتا اور وہ نہیں جانتے کہ اپنے فارغ اور زائد وقت کو کہاں صرف کریں اور اس وجہ سے جب کبھی ان کو فارغ وقت ملتا ہے وہ اسے سستی میں ضائع کر دیتے ہیں۔لیکن اگر کوئی شخص اپنے لئے نیک ارادوں کی ایک فہرست بنالے اور اسے اپنے ذہن میں رکھے تو اسے فارغ اوقات میں اُن ارادوں کو پورا کرنے کی طرف تحریک ہوتی رہتی ہے اور وہ بہت سے ایسے کام کر لیتا ہے جن سے اس کا دوسرا بھائی جس نے پہلے سے اپنے لئے کوئی مقصود قرار دیا ہو انہیں ہو تا محروم رہ جاتا ہے۔پس میں آج کے دن تمام دوستوں کو اس امر کی طرف توجہ دلاتا ہوں کہ وہ اپنے دلوں میں یہ پختہ عہد کر لیں کہ احمدیت کی طرف سے جو اُن کے سامنے مطالبہ پیش کیا گیا ہے وہ اُسے اپنی آنکھوں کے سامنے رکھیں گے اور اپنی زندگی کو اُس کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں گے۔