خطبات محمود (جلد 17)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 668 of 772

خطبات محمود (جلد 17) — Page 668

خطبات محمود ۶۶۸ ۳۸ سال ۱۹۳۶ منافقین کا جماعت احمدیہ سے علیحدہ ہونا جماعت کیلئے ہر گز نقصان رساں نہیں (فرموده ۱۶ /اکتوبر ۱۹۳۶ء) تشہد ،تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:- چونکہ آج میرے گلے میں زیادہ تکلیف ہے اور کھانسی بھی زیادہ اُٹھ رہی ہے اس لئے میں زیادہ دیر تک بول نہیں سکتا لیکن پھر بھی آجکل کی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے چونکہ مجھے بولنا پڑتا ہے اس لئے آج میں اختصار کے ساتھ پھر اسی مضمون کو لیتا ہوں جس مضمون کے متعلق میں نے گزشتہ جمعہ میں خطبہ پڑھا تھا یا یہ کہو کہ اس مضمون کے ایک حصہ کے متعلق جس کی طرف خطبہ کے ابتداء میں میں نے دوستوں کو توجہ دلائی تھی۔دوستوں کو معلوم ہے کہ متواتر کئی خطبات کے ذریعہ میں جماعت کو توجہ دلا تا آرہا ہوں کہ افراد اور ان کی تعداد پر خدا تعالیٰ کی قائم کردہ جماعتوں کی طاقت نہیں ہوتی بلکہ ان کی طاقت اخلاص اور ایمان پر ہوتی ہے۔مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہماری جماعت کے تمام افراد میں ابھی تک یہ حس پیدا نہیں ہوئی کہ وہ اس نکتہ کو سمجھیں۔وہ خطبات سنتے ہیں مگر ایک کان سے سنتے اور دوسرے کان سے نکال دیتے ہیں۔بڑی سے بڑی نعمت بھی اگر اس سے فائدہ نہ اُٹھایا جائے تو اور بڑی سے بڑی نصیحت بھی اگر اس پر عمل نہ کیا جائے انسان کے کسی کام نہیں آسکتی۔