خطبات محمود (جلد 16) — Page 839
خطبات محمود ۸۳۹ سال ۱۹۳۵ء کھیتی باڑی کا کام کریں۔پھر مرغی خانہ کا کام بھی اُنہیں سکھایا جائے اور اس طرح اپنے لئے وہ سبزی خود پیدا کریں، غلہ خود پیدا کریں اور اگر گوشت کی ضرورت ہو تو وہ بھی مرغیاں ذبح کر کے اپنے لئے آپ مہیا کیا جائے۔اس طرز پر کام کرنے کے نتیجہ میں جہاں ماں باپ کے اخراجات کم ہو جائیں گے وہاں لڑکوں میں کام کرنے کی عادت پیدا ہو گی ، اُن کا ذہن تیز ہو گا اور صحت مضبوط رہے گی۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو میں نے دیکھا ہے کہ آپ دن بھر گھر کے اندر کام کرتے لیکن روزانہ ایک دفعہ سیر کے لئے ضرور جاتے اور ۷۴۔۷۵ برس کی عمر کے باوجود سیر پر اس قدر با قاعدگی رکھتے کہ آج وہ ہم سے نہیں ہو سکتی۔ہم بعض دفعہ سیر پر جانے سے رہ جاتے ہیں لیکن حضرت مسیح موعود علیہ السلام ضرور سیر کے لئے تشریف لے جاتے تو کھلی ہوا کے اندر چلنا پھرنا اور اُس سے فائدہ اُٹھانا دماغ کے لئے بہت مفید ہوتا ہے اور جب تحریک جدید کے بور ڈر کھلی ہوا میں رہ کر مشقت کا کام کریں گے تو جہاں ان کی صحت اچھی رہے گی وہاں ان کا دماغ بھی ترقی کرے گا اور وہ دنیا کے لئے مفید وجود بن جائے گا۔پس یہ تحریک آج میں پھر کرتا ہوں کہ جماعت کے احباب اپنے بچوں کو بورڈ نگ تحریک جدید میں داخل کریں۔خدا تعالیٰ کے فضل سے جو نو جوان بچوں کے لئے سپر نٹنڈنٹ مقرر ہیں وہ بچوں کی تعلیم اور ترقی میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں اور تندہی کے ساتھ اپنے فرض کو ادا کر رہے ہیں۔میں یہ نہیں کہتا کہ وہ ہر لحاظ سے پورا کام کر رہے ہیں ابھی ان کے لئے بھی ترقی کی بہت گنجائش ہے لیکن بہر حال وہ اس کام میں دلچسپی لے رہے ہیں اور چونکہ میں دیکھتا ہوں کہ انہیں بچپن سے دین کی طرف رغبت ہے اس لئے امید ہے کہ اگر انہوں نے اس میں ترقی کرنے کی کوشش کی تو وہ خود بھی فائدہ حاصل کر سکتے اور بچوں کو بھی فائدہ پہنچا سکتے ہیں علاوہ ازیں اس ذریعہ سے بریکاری کا بھی ایک حد تک ازالہ ہوسکتا ہے۔پس یہ تین تحریکیں آج میں پھر دُہراتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ دوست ان کی طرف توجہ کریں گے تمام دوستوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ کام ہمیشہ کرنے سے ہوتے ہیں باتیں کرنے سے نہیں ہوتے۔میں نے پچھلے دو خطبوں میں ایک پچھلے جمعہ کے خطبہ میں اور ایک چار پانچ پہلے جمعوں میں سے کسی ایک جمعہ کے خطبہ میں بیان کیا تھا کہ اگر تم سب کے سب مجھے چھوڑ دوتب بھی خدا تعالیٰ غیب سے سامان پیدا