خطبات محمود (جلد 16) — Page 792
خطبات محمود ۷۹۲ سال ۱۹۳۵ء سلسلہ کی عمارتیں کسی صورت میں بھی ان کو جگہ نہیں دے سکتیں۔سلسلہ کی ساری عمارتیں لگا دینے کے بعد ایک کثیر تعداد مہمانوں کی باقی رہ جاتی ہے جس کے لئے پرائیویٹ مکانوں کی ضرورت ہوتی ہے۔کچھ سالوں سے متواتر میں دوستوں کو تو جہ دلاتا ہوں کہ اس موقع پر اپنے رشتہ داروں اور دوست مہمانوں کے لئے جو جگہ چھوڑی جائے اُس میں بھی اس امر کا خیال رکھا جائے کہ گو اپنے مہمان کو جگہ دینا بھی جلسہ کے مہمانوں کو جگہ دینا ہی ہے پھر بھی اپنے نفس کی خوشی اس میں شامل ہے پس ایسے مہمانوں کو جگہ دینا جن کے ناموں سے بھی ہم واقف نہ ہوں اور نظام کے ماتحت دینا اس سے بہت افضل کام ہے۔پس دوستوں کو اس امر کا خیال رکھنا چاہئے کہ یہ وقت جذبات کی قربانی کا ہوتا ہے اس لئے جو دوست یا رشتہ دار آئیں اُن سے کہ دیا جائے کہ اکیلے رہنے کے لئے کھلی جگہ کا میسر آنا تو مشکل ہے جہاں اور مہمان قربانی کرتے ہیں آپ بھی کریں تا باقی جگہ دوسرے مہمانوں کو دی جا سکے۔اگر احباب اس نقطہ نگاہ سے کام کریں تو ہر سال قادیان میں اتنی عمارتیں بنتی ہیں کہ میں سمجھتا ہوں کہ مہمانوں کو ٹھہرانے میں کوئی دقت پیش نہیں آسکتی۔ہر سال یہاں قریباً دوسو نئے مکانات تعمیر ہوتے ہیں اور ان میں آسانی سے ڈیڑھ دو ہزار مہمان ٹھہرائے جا سکتے ہیں۔سالانہ جلسہ پر آنے والے مہمانوں میں زیادتی اس نسبت سے نہیں ہوتی جس نسبت سے نئے مکانات تعمیر ہوتے ہیں مگر باوجود اس کے ہر سال ہی شکایات سننے میں آتی ہیں کہ جگہ کی تنگی ہے۔بعض لوگ جگہ دینے سے کچھ گریز کرتے ہیں اس لئے میں پھر دوستوں کو توجہ دلاتا ہوں کہ وہ اپنے مہمانوں اور عزیز رشتہ داروں اور دوستوں کے آرام کی فکر بے شک کریں مگر یہ خیال ضرور رکھیں کہ زیادہ ذمہ داری ہم پر اُن مہمانوں کی ہے جن کے ناموں سے بھی ہم واقف نہیں۔میں جانتا ہوں رشتہ داروں کو اپنے پاس ٹھہرانا ایک لحاظ سے سلسلہ کے لئے بھی مفید ہے انسان اُن کی خاطر مدارات خود اچھی طرح کر سکتا ہے اور اس طرح کارکنوں کا بوجھ ہلکا ہو جاتا ہے مگر یہ ایسی طرز پر ہونا چاہئے کہ دوسروں کے لئے بھی جگہ رہ سکے۔سو ایک نصیحت تو میں یہ کرتا ہوں کہ دوست تکلیف اُٹھا کر بھی اپنے مکان مہمانوں کے لئے فارغ کریں۔ہمارے گھروں میں ہر سال پانچ چھ سو مہمان ٹھہرتے ہیں لیکن میں پھر بھی یہ کہہ دیتا ہوں کہ اگر جگہ کی تنگی ہو تو کارکن ان میں ٹھہر نے والوں کے لئے جگہ کو اور تنگ کر کے اور بھی انہیں استعمال کر سکتے ہیں۔میں نے اپنا دار الحمد کا مکان سارے کا سارا جلسہ کے لئے دیا ہوا ہے ، شہر کے گھر کا نچلا حصہ