خطبات محمود (جلد 15) — Page 77
خطبات محمود موقع نہ مل سکے۔میں نے پچھلے دنوں خصوصیت سے قادیان والوں کو توجہ دلائی تھی کہ یہاں ایسے فتنے پیدا کئے جارہے ہیں جن کی غرض یہ ہے کہ وہ ہمارے اخلاق پر دھبہ لگائیں۔پھر یہاں کچھ احراری آگئے ہیں، بعض پولیس کے لوگ ہیں جو ہمارے خلاف کوششیں کر رہے ہیں، کچھ غیر احمدیوں میں سے کھڑے ہو گئے ہیں، کچھ سکھوں اور ہندوؤں میں سے اور ان سب کی اصل غرض یہ ہے کہ وہ دنیا کے سامنے ہم پر یہ الزام لگائیں کہ ہم اخلاق کے کچے ہیں۔ہماری جماعت کے بعض بیوقوف یا منافق اپنی بیوقوفی یا منافقت سے بعض دفعہ مخالفوں کو خود ایسے مواقع بہم پہنچا دیتے ہیں جن کے ماتحت انہیں شرارتوں میں اضافہ اور ہماری نیکیوں پر پردہ ڈالنے کا موقع مل جاتا ہے۔میں نے توجہ دلائی تھی کہ ایسے امور سے احتراز کیا جائے۔مگر میں دیکھتا ہوں کہ باوجود توجہ دلانے کے جماعت میں ایک طبقہ ایسا ہے جو اس خوف سے گھبرایا پھرتا ہے کہ یہاں احراری آگئے ہیں حالانکہ کیا شیر بھی اُس وقت خوف کھایا کرتا ہے جب اُس کی کچھار میں کوئی بکری آجائے۔اگر تم واقعی سمجھتے ہو کہ تم ایک نبی کی جماعت ہو اور خدا تعالی کی تائید اور نصرت تمہارے ساتھ ہے، تو تم صحیح ذرائع اختیار کر کے ان کے ماتحت اس شر کے ازالہ کی وشش کرو۔مگر ڈر کس بات کا؟ کیا شیر کی غار میں جب کوئی بکری آجائے تو وہ ڈرا کرتا ہے۔آخر جب ساری دنیا نے احمدیت میں داخل ہونا ہے تو کیا احراری اس دنیا سے علیحدہ ہیں کہ یہ جماعت احمدیہ میں داخل ہونے سے رہ جائیں گے یا کیا یہ آسمان پر چلے جائیں گے۔اگر ان لوگوں نے بھی دنیا میں ہی رہنا ہے اور آج نہیں کل احمدیت میں داخل ہونا ہے تو کیوں آج سے ہی کام شروع نہیں کر دیتے کہ وہ اللہ تعالٰی کے فضل سے آج ہی احمدیت میں داخل ہو جائیں۔ابھی احراریوں نے یہاں کوئی زمین خریدی ہے اور وہاں ایک مسجد بنانے لگے ہیں۔بعض نے مجھے لکھا کہ اس پر حق شفعہ کی مالش کرنی چاہیئے مگر تمہارا اس میں کیا حرج ہے۔تم سمجھ لو کہ تھوڑے دنوں تک اللہ تعالیٰ یہ مسجد بھی تمہارے قبضہ میں دے دے گا۔آخر ، دنیا کی ساری مسجدیں تمہارے قبضہ میں آتی ہیں تو کیا احراریوں کی یہ مسجد تمہارے قبضہ میں نہیں آئے گی۔دراصل یہ تمام گھبراہٹ عدم ایمان یا کمزوری ایمان پر دلالت کرتی ہے۔اور بعض دفعہ منافق شرارت کر کے گھبراہٹ میں مبتلاء کردیا کرتا ہے۔میں نے کئی دفعہ سنایا ہے۔یہاں ایک دفعہ ہندوؤں کو کوئی شکایت پیدا ہوئی۔ان میں۔