خطبات محمود (جلد 12) — Page 286
۲۸۶ ٣٨ خطبات محمود آزادی سے قبل تصفیہ حقوق ضروری ہے فرموده ۱۴- فروری ۱۹۳۰ء) تشهد تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا: گورمضان کے لحاظ سے اس مضمون کو چنداں اہمیت حاصل نہیں جس کے متعلق آج میں کچھ بیان کرنا چاہتا ہوں لیکن چونکہ ہماری جماعت دوسروں سے مل کر رہتی ہے مل کر کام کرتی ہے دوسروں کے خیالات سنتی ہے۔اپنے گردو پیش کے حالات سے متاثر ہوتی ہے اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ اس سوال کے متعلق جس قدر جلدی ہو سکے مجھے اپنی رائے کا اظہار کر دینا چاہئے تا وہ احباب جو اس معاملہ میں میری راہنمائی کے منتظر یا محتاج ہیں میرے خیالات سن کر کوئی رائے قائم کر سکیں۔جہاں تک میں سمجھتا ہوں اس سوال کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ہدایات کافی موجود ہیں لیکن ہر انسان میں اتنی قوت و طاقت نہیں ہوتی کہ وہ تحقیقات سے کوئی صحیح نتیجہ اخذ کر کے اپنے لئے اسوہ قرار دے سکے یا رستہ تجویز کرے اس لئے میں سمجھتا ہوں ضروری ہے کہ ایسی طبائع کے لئے جو مزید تشریح کی محتاج ہیں یا جو قوت استدلال نہیں رکھتیں یا جذبہ اخلاص کی وجہ سے ہر معاملہ میں خلیفہ کی طرف نگاہ اُٹھاتی ہیں کہ کیا آواز آتی ہے اپنے خیالات کا اظہار کر دوں۔وہ معاملہ سیاسی سوال ہے جو اس وقت ہمارے ملک کے سامنے پیش ہے۔مجھے اس بارہ میں جلدی اظہارِ خیالات کی ضرورت اس وجہ سے بھی پیش آئی ہے کہ بعض دوستوں کی طرف سے سوال ہوا ہے کہ اس معاملہ میں اپنے خیالات ظاہر کر دوں۔ہمارے اخبار میں حضرات اس امر سے واقف ہیں کہ اس وقت ہندوستان میں زور سے