خطبات محمود (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 223 of 326

خطبات محمود (جلد 10) — Page 223

223 بھنگ کا کمال ہوتا ہے۔بھنگ پینے والے کو وقت لمبا نظر آتا ہے۔اب بھنگ پینے والا اگر بھنگ کے نشہ اور اثر کے نیچے کوئی خواب دیکھے تو اسے بڑا لمبا نظر آئے گا۔میں نے دیکھا ہے بعض نادان یہ کہہ کر بڑا خوش ہوتے ہیں کہ ہمارے پیر صاحب بڑے باکمال ہیں کہ انہوں نے اپنی توجہ سے ہمیں چھ چھ ماہ کا نظارہ تھوڑے سے وقت میں دکھا دیا حالانکہ لمبے عرصے کے صحیح حالات کو تھوڑے سے وقت میں دیکھنا بہت کم ہوتا ہے۔میں نے ساری عمر میں ایک ہی ایسی خواب دیکھی جس میں دو دن کا نظارہ تھوڑے وقت میں دیکھا مگر یہ لوگ جو روحانیت سے بالکل کورے ہوتے ہیں اس قسم کے دعوے کرتے ہیں جیسے روحانیت میں بڑے باکمال ہیں۔مگر جیسا کہ میں نے کہا ہے کہ وہ روحانیت نہیں ہوتی بھنگ ہوتی ہے۔یا کوئی اور شئے کہ کچھ عرصہ کے لئے لذت دیتی ہے۔پس میں اپنی جماعت کے دوستوں کو کہتا ہوں۔کہ وہ حقیقی روحانیت حاصل کرنے کی کوشش کریں نہ کہ ان لذتوں سے یہ سمجھ لیں کہ ہم نے روحانیت پالی۔میں یہ اعلان بھی کرنا چاہتا ہوں کہ صحت کی خرابی کی وجہ سے جو جلسے سے چلی آتی ہے میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ کچھ دنوں کے لئے کسی پہاڑی علاقہ میں جاؤں۔میں انشاء اللہ تعالیٰ جمعرات کو یہاں سے چلوں گا چونکہ اس جمعہ کے بعد اور جمعہ ایسا نہیں آئے گا جس میں اعلان کر سکوں اس لئے میں اس جمعہ میں ہی اعلان کرتا ہوں۔مولوی شیر علی صاحب میرے بعد مقامی جماعت کے امیر ہوں گے ضروری امور کے لئے ایک سب کمیٹی ان کے ساتھ ہوگی۔جس کے میاں بشیر احمد صاحب مولوی سرور شاہ صاحب اور ماسٹر محمد دین صاحب ممبر ہوں گے۔ان تینوں کو اس لحاظ سے اس کمیٹی میں رکھا گیا ہے کہ میاں بشیر احمد صاحب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اس لحاظ سے جو ان کا اثر ہے اس کی وجہ سے ان کو اس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔دوسرے دونوں شخصوں کو اس لحاظ سے کہ ان کا دونوں سکولوں سے تعلق ہے۔سکولوں کی تعداد مجتمع اور زیادہ ہے۔مولوی شیر علی صاحب اس سب کمیٹی کے مشورے سے ضروری امور طے کریں گے۔مجھے افسوس ہے کہ ہماری جماعت میں ابھی ایسا رنگ نہیں پیدا ہوا کہ جس کے ساتھ خاص تعلق نہ ہو اسے اگر کسی کام پر مقرر کیا جائے تو اس کی بھی مانیں یہی وجہ ہے کہ لوگ جس کے ساتھ تعلق پیدا کر لیتے ہیں اس کی تو مان لیتے ہیں اور دوسرے کی نہیں مانتے۔حالانکہ اصل فرمانبرداری یہ ہے کہ سلسلے کے مفاد کے لئے سب کی مانیں بعض لوگ غلطی سے فرمانبرداری کو غلامی سمجھتے ہیں مگر فرمانبرداری غلامی نہیں ہے۔غلامی اور چیز ہے اور فرمانبرداری اور چیز۔دنیا میں سب سے زیادہ آزادی