خطبات محمود (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 192 of 326

خطبات محمود (جلد 10) — Page 192

192 خطرناک صورت میں ہے۔پس دوستوں کو چاہئے کہ وہ ہوشیار ہو جائیں اور اس قبل از وقت خبر سے فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کریں۔خدا تعالیٰ نے تو پہلے اطلاع دی اب یہ انسان کا کام ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھائے یا اس سے بے پرواہی کر کے نقصان۔خدا تعالیٰ ہمیشہ آنے والی مصیبت اور آنے والے عذاب سے پہلے لوگوں کو ہوشیار کر دیتا ہے۔قرآن شریف میں خدا تعالیٰ فرماتا ہے۔کبھی ہم عذاب نہیں بھیجتے جب تک رسول مقرر نہ کر لیں۔تا لوگ یہ نہ کہیں کہ ہم کو آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔یہ قانون صرف روحانیات میں ہی نہیں بلکہ جسمانیات میں بھی چلتا ہے۔چنانچہ یہ بات ہر روز مشاہدہ میں آتی ہے کہ بعض آنے والے واقعات کا کچھ نہ کچھ انعکاس پہلے ہونا شروع ہو جاتا ہے۔اور یہ سب ہی جگہ ہے اور سب ہی اس کو مانتے ہیں۔حتی کہ انگریزی زبان میں اس کے متعلق ایک ضرب المثل بھی ہے۔کہتے ہیں Coming events casts their shadow beforehand کہ آنے والے واقعات پہلے ہی اپنی جھلک دکھا دیتے ہیں۔گویا وہ ایک اطلاع ہوتی ہے کہ ہوشیار ہو جاؤ۔اس کے بعد یہ واقعہ ہونے والا ہے۔یہی حال پلیگ کا ہے۔پلیگ جہاں پھوٹنے والی ہوتی ہے وہاں سے کچھ عرصہ پہلے مرے ہوئے چوہے نکلتے ہیں۔یہ مرے ہوئے چوہے اطلاع ہوتے ہیں جو انسان کو ہوشیار کرنے کے لئے پیش از وقت دی جاتی ہے۔حدیث میں آتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہر بات کا علاج پیدا کیا ہے اور تدبیر سے انسان بہت کچھ حاصل کر سکتا ہے۔آنحضرت ﷺ فرماتے ہیں۔لكل داء دواء الا الموت ۲۰ موت کو چھوڑ کر سب مرضوں کے لئے علاج ہے پس طاعون جو کہ بہت ہی خطرناک مرض ہے۔اس سے بچنے کے ذرائع بھی موجود ہیں۔یہ نہیں فرمایا کہ ہر شخص کا علاج ہے بلکہ یہ فرمایا ہے ہر بیماری کا علاج ہے۔یہ الگ بات ہے کہ کوئی شخص طاعون سے نہ بچے لیکن یہ بات ضرور ہے کہ اس زہر کا ازالہ موجود ہے۔طاعون کے زہر کا ازالہ تو بہر حال موجود ہے مگر افسوس ہے کہ لوگ اس طرف توجہ نہیں کرتے۔یہاں ہم نے انتظام کیا تھا کہ ڈاکٹر (حشمت اللہ صاحب لیکچر دیں اور لوگوں کو طاعون کے زہر سے بچنے کی تدابیر سے واقف کریں۔ڈاکٹر صاحب نے لکچر تو دیے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ لکچروں کی طرف بہت کم توجہ کی گئی ہے اور اس طرف سے اعراض کر لیا گیا اور کانوں میں انگلیاں دے لی گئیں حالانکہ یہ لوگوں ہی کے فائدہ کی بات تھی۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بار بار توجہ ولائی تھی کہ اگر کسی جگہ سے چوہے نکلیں۔تو اس جگہ کو فورا" چھوڑ دینا چاہئے اور چوہے کو وہیں