خطاباتِ شورٰی (جلد سوم۔ 1944ء تا 1961ء)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 630 of 760

خطاباتِ شورٰی (جلد سوم۔ 1944ء تا 1961ء) — Page 630

خطابات شوری جلد سوم رت ۱۹۵۶ء سفارش کرائی تھی۔میں نے انہیں کہا کہ اس موقع سے فائدہ اُٹھا کر ان سے تین پودے لے لو۔ایک اپنے ہاں بوؤ ، ایک مجھے دے دو اور ایک میاں بشیر احمد صاحب کو دے دو۔چنانچہ اُنہوں نے ایک پیوند حاصل کر کے مجھے بھجوایا میں نے وہ اپنے مالی کو دے دیا اور اس نے اُسے دوسرے درختوں میں لگایا لیکن اُس نے پتہ نہ دیا اور ہمارا تجربہ کامیاب نہ ہؤا۔پھر میں نے انہیں ہدایت دی کہ آم خرید کر لگائیں چنانچہ بارہ آم خرید کئے گئے لیکن قاعدہ یہ ہے کہ پیوند لگانے سے بہترین آم پیدا ہوتا ہے، گٹھلی ہونے سے اچھا آم پیدا نہیں ہوتا لیکن ایک دفعہ ایک کتاب مرے مطالعہ میں آئی وہ امداد امام صاحب جو بہار کے رئیس تھے اور علی امام صاحب کے والد تھے، انہوں نے لکھی تھی۔انہیں باغات لگانے کا بڑا شوق تھا۔انہوں نے اپنے تجربات کی بناء پر اس کتاب میں لکھا تھا کہ اگر کسی گٹھلی کو بویا جائے اور وہ اُگ آئے تو چھ ماہ کے بعد پودے کو دوسری جگہ لگائیں اور پھر ہر تین ماہ کے بعد اُس کی جگہ بدلتے جائیں۔تو وہ درخت اصل آم کی طرح پھل دینے لگ جائے گا۔پھر میں نے پڑھا تھا کہ شہد میں ڈبو کر گٹھلی کو لگایا جائے تو آم میٹھا ہوتا ہے۔میں نے وہ گٹھلیاں لگوائیں اور ان کتابوں کے مطابق تجربہ کیا تو بارہ گٹھلیوں میں سے سات گٹھلیاں اُگیں۔پھر ان میں سے دو پودے مر گئے ، پانچ بچے ، ان پودوں کو میں نرسری میں ایک جگہ سے دوسری جگہ تبدیل کرا تا رہا۔اب وہ درخت آم دینے لگ گئے ہیں اور وہ آم بالکل اصل آموں کی طرح ہیں۔پھر اُن آموں کی بڑی شہرت ہوئی۔میرا ایک کارکن مچل فارم کے پاس بعض پودے لینے گیا تو اُنہوں نے کہا کہ ناصر آباد کے نورالہدی آم بہت اچھے ہوتے ہیں۔میں چاہتا ہوں کہ ایک درخت مجھے بھی دیں کہ میں اُسے اپنے باغ میں لگاؤں۔اب دیکھو پہلے یہ خیال کیا جاتا تھا کہ سندھ میں ہندوستان اور ملتان کے آم پیدا نہیں ہوتے لیکن بعد میں ہم نے تجربہ کیا اور ملتان کا نور الہدی اور ہندوستان کی بعض اقسام پیدا کرنے میں کامیاب ہو گئے۔پس تجربہ سے بعض نئی نئی چیزیں بھی پیدا کی جاسکتی ہیں لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ مرکز میں جو آدمی ہو اُسے ان کاموں کی دھت سی لگی رہے۔قادیان میں میاں بشیر احمد نے باغ لگایا ہوا تھا۔اُنہیں آم لگانے کا بہت شوق تھا چنانچہ انہیں کئی دفعہ انعام ملا۔