خطاباتِ شورٰی (جلد دوم ۔1936ء تا 1943ء)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 734 of 755

خطاباتِ شورٰی (جلد دوم ۔1936ء تا 1943ء) — Page 734

خطابات شوری جلد دوم ۷۳۴ مجلس مشاورت ۱۹۴۳ء گا۔اور اگر خدا تعالیٰ کا منشاء یہ ہو کہ لوگ پتلونیں ترک کر کے لنگوٹ باندھنا شروع کر دیں تو ہمارا یقین ہے کہ ایک دن یہی پتلونیں پہننے والے اپنی پتلونوں کو جلا جلا کر لنگوٹ باندھنا شروع کر دیں اور خدا تعالیٰ کا منشاء پورا ہو کر رہے۔مگر ہم تو جو بات کہتے ہیں وہ نہایت ہی معقول ہے اور کسی بھی ذی ہوش اور عقلمند انسان کو یہ تسلیم کرنے سے انکار نہیں ہوسکتا کہ اللہ تعالیٰ ایک دن دنیا کی اسی رنگ میں کایا پلٹ کر رکھ دے گا۔ورنہ ہم جانتے ہیں اگر خدا تعالیٰ یہ فیصلہ کر دے کہ دنیا کے تمام لوگ سر منڈوانے لگ جائیں اور لمبے لمبے چونچے پہن لیں تو یہ لاٹ پادری ایک دن یہی کچھ کرنے لگ جائیں گے مگر ہم جو بات پیش کرتے ہیں وہ تو عقل کے لحاظ سے بھی صحیح معلوم ہوتی ہے اور اس وجہ سے اس کے متعلق کسی کو کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے۔آج زمین اور آسمان دونوں اِن حالات کی تائید میں ہیں۔خالی آسمان کے حالات اس کے موافق ہوں اور زمین کے حالات اس کے موافق نہ ہوں تب بھی زمین آسمان کا مقابلہ نہیں کر سکتی مگر جب زمین اور آسمان دونوں تائید میں ہوں تو اُس وقت ان حالات کے رونما ہونے میں کوئی طاقت روک پیدا نہیں کر سکتی۔ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ دوستوں کو اپنے دلوں میں یہ یقین پیدا کرنا چاہئے کہ خدا تعالیٰ دنیا میں ایک عظیم الشان انقلاب پیدا کرنا چاہتا ہے اور وہ انقلاب خدا تعالیٰ خود تمہارے ہاتھوں سے پیدا کرنا چاہتا ہے۔تم مت دیکھو کہ تم کیا ہو۔تم یہ دیکھو کہ زمین و آسمان کا خدا کبھی آہستگی کے ساتھ ، کبھی چلتا ہوا، کبھی دوڑتا ہوا اور کبھی تیزی کے ساتھ بھاگتا ہوا تمہارے قریب آرہا ہے اور جوں جوں وہ تمہارے قریب آ رہا ہے تم ایک زبردست ہتھیار بنتے چلے جا رہے ہو۔تم اپنی ذات میں ایک مٹی کا ڈلا سہی مگر ایک تجربہ کار اور ماہر فن کے ہاتھ میں جب مٹی کا ڈلا آ جاتا ہے تو وہ اُس تلوار سے زیادہ کام کر جاتا ہے جو ایک نادان کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔پس بے شک تم اپنے آپ کو مٹی کا ایک ڈلا تسلیم کر لو مگر یہ مٹی کا ڈلا خدا تعالیٰ کے ہاتھ میں آچکایا آنے والا ہے اور جب یہ ڈلا خدا تعالیٰ کے ہاتھ میں آئے گا تو دنیا کے بڑے بڑے قلعے اس سے پاش پاش ہو جائیں گے۔اُن کی اینٹیں بھی نہیں ملیں گی ، اُن اینٹوں کی مٹی بھی نہیں ملے گی۔پس ان تغیرات کے لئے اپنے آپ کو تیار کرو۔اللہ تعالیٰ سے ہر وقت دعائیں کرتے رہو اور اپنے اندر یقین اور وثوق پیدا کر و۔جس دن تمہارے اندر یقین پیدا