خطاباتِ ناصر (جلد اوّل۔ 1965ء تا 1973ء) — Page 556
خطابات جلسہ سالانہ (۱۹۶۵ء تا ۱۹۷۳ء) ۱۲۷ دسمبر ۱۹۷۲ء۔دوسرے روز کا خطار ہمارے ایک مبلغ نے یہ غلطی کی کہ گورنمنٹ کا ایک انسپکٹر معائنہ کرنے کے لئے آیا تو اس نے کہہ دیا کہ یہ کالا آدمی ہے۔میں اس کے ساتھ بیٹھ کر چائے کس طرح پیوں میری اس سے ہتک ہو جائے گی۔تم تو ان کی خدمت کے لئے گئے ہو۔تم تو اس کے غلام بن کر آئے ہو جس نے بعض رواتیوں کی رو سے ایک یہودی یا بعض لوگوں کی روایت کی رو سے ایک عیسائی کا گند صاف کیا تھا۔یہ روایت غالباً پہلی روایت کی نسبت زیادہ صحیح ہے۔پہلے تو مجھے علم نہیں تھا۔کل پرسوں میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ایک حوالہ پڑھ رہا تھا۔آپ نے لکھا ہے کہ وہ عیسائی تھا اور بستر پر اس کا اسہال نکل گیا تھا۔جب وہ کسی کام کے لئے آیا تو اس نے دیکھا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم بنفس نفیس بستر کے کپڑے دھو رہے تھے حالانکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک وجود پر اس وقت بھی ہزاروں لوگ جان قربان کرنے والے تھے۔چنانچہ آپ کے جاں نثاروں نے عرض بھی کیا کہ یا رسول اللہ آپ ہمیں خدمت کا موقع دیں آپ نے فرمایا نہیں ، وہ میرا مہمان تھا۔خدا نے مہمان کے جو حقوق مقرر کئے ہیں ان کو میں ادا کروں گا۔چنانچہ جب اس عیسائی نے یہ دیکھا تو وہ مسلمان ہو گیا۔پس اس پاک وجود کے خادم ، اس کے غلام بلکہ اس کی جوتیوں کی خاک کے برابر بھی اپنے آپ کو نہ پانے والوں کو یہ زیب نہیں دیتا کہ جب ان کو خدمت کا موقع ملے اور وہ افریقہ میں جائیں تو یہ کہہ دیں کہ کالے آدمی کے ساتھ بیٹھ کر چائے پینے میں ہماری بڑی بے عزتی ہے۔لیکن اس بے چارے کا کوئی قصور نہیں ہے۔کیونکہ ہم نے اس کی تربیت کئے بغیر ، اس کو مانجھے بغیر، اس کو پالش کئے بغیر وہاں بھیج دیا۔میں مانتا ہوں کہ ہیرے ہیں لیکن لوگ جب کان سے ہیرا نکالتے ہیں تو اسے کب فروخت کے لئے بھیجتے ہیں۔جب تک اس کو پالش نہ کر لیں کٹ نہ کر لیں۔چنانچہ پہلے آپ ان کو کاٹتے ہیں ، ان کے مختلف زاویے بناتے ہیں پھر پالش کرتے ہیں اور پھر وہ بازاروں میں بکنے کے لئے جاتا ہے۔جو آدمی وقف کرتا ہے وہ ہیرا ہے۔اس میں کوئی کلام نہیں ہے لیکن وہ جس وقت کان سے نکلتا ہے یعنی جامعہ احمد یہ پاس کرتا ہے تو ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کو ہیرے کی طرح کٹ بھی کریں اور پالش بھی کریں پھر ہم ان کو کہیں کہ جاؤ اور دنیا کو بتاؤ کہ خدائے قادر و توانا نے اپنے محبوب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے مہدی معہود کو بنی نوع انسان کی خدمت کرنے کے لئے یہ ہیرے اور جواہرات عطا فرمائے ہیں۔