خطاباتِ ناصر (جلد اوّل۔ 1965ء تا 1973ء) — Page 518
خطابات جلسہ سالانہ (۱۹۶۵ء تا ۱۹۷۳ء) ۵۱۸ ۲۸ دسمبر ۱۹۷۰ء۔اختتامی خطاب اگلے دن یہ اخبار میں بھی آ گیا۔اسی وقت میں نے ایک افریقن دوست کو بلایا۔وہ وہاں کے کسی محکمہ کے ڈپٹی سیکرٹری ہیں اور بڑے دلیر آدمی ہیں۔میں نے انہیں بلایا اور کہا کہ تم گورنر کے پاس جاؤ اور اُسے میری طرف سے یہ پیغام دو کہ آج کے اخبار میں یہ خبر آئی ہے کہ میں آپ کے علاقہ میں ( وہ سٹیٹس نئی بنی ہیں ان میں ایک سٹیٹ سکو تو کے نام سے ہے۔) یعنی سکو تو سٹیٹ میں فوری طور پر چار سکول کھولتا ہوں اور آپ ہمارے ساتھ تعاون کریں۔دو چیزوں میں ایک یہ کہ ہمیں زمین دیں کیونکہ میں پاکستان سے زمین نہیں لاسکتا اور دوسرے یہ کہ آپ ہمیں ٹیچرز پرمٹ دیں کیونکہ اس کے بغیر ہم یہاں آ اور ٹھہر نہیں سکتے۔چنانچہ جب ہمارے یہ دوست اس گورنر سے ملے تو وہ یہ سن کر بہت خوش ہوا اور کہنے لگا کہ ریڈ ٹیپ ازم (Red Tapism) تو ساتھ لگی ہوئی ہے۔میرا شکریہ ادا کر دیں اور تسلی رکھیں کہ آپ کے ساتھ پورا پورا تعاون کیا جائے گا ہمارے واپس آنے کے بعد غالباً سکولوں کے لئے زمین مل چکی ہے۔ایک ایک سکول کے لئے حکومت نے ۴۰ ، ۴۰ ایکٹر زمین دی ہے۔یہاں چالیس مرلے لیتے ہوئے لوگوں کو بڑی تکلیف ہوتی ہے اور وہ بھی قیمتا لیکن یہ ۴۰ ایکڑ زمین مفت دی گئی ہے اور وہاں میں نے کہا تھا کہ دولڑکیوں کے اور دولڑکوں کے سکول کھولنے ہیں۔کچھ تو ہمارے مبلغ سمجھے نہیں۔میں نے کہا تھا کہ جہاں لڑکوں کا سکول ہو گا وہیں لڑکیوں کا سکول ہو گا اس لئے کہ ہم نے یہاں سے میاں بیوی استاد بھجوانے ہیں اب یہ تو نہیں ہو سکتا کہ افریقہ کے ممالک میں خاوند ایک جگہ ہو اور اس کی بیوی پانچ سو میل دور کسی اور جگہ کام کر رہی ہو۔اس لئے لڑکیوں کا سکول بھی وہیں کھولیں گے۔انشاء اللہ یہ بھی کھل جائے گا اور زمین بھی مل جائے گی۔چنانچہ اب یہ اطلاع بھی آچکی ہے کہ حکومت نائیجیریا نے کہا ہے کہ لڑکیوں کے سکولوں کے لئے بھی آپ کو زمین دیں گے لیکن پہلی کلاس میں ابھی بہر حال چھوٹی کلاس کی لڑکیاں ہیں۔اگلے سال تک لڑکیوں کا الگ انتظام ہو جائے گا۔غرض اس طرح وہ تعاون کر رہے ہیں۔نہ صرف حکومت بلکہ وہاں کے پیرا ماؤنٹ چیف بھی تعاون کر رہے ہیں۔گیمبیا میں بھی ابھی چند دن ہوئے ہیں اطلاع آ گئی ہے۔میرا یہ نوٹ تیار کرنے کے بعد ہی یا شاید انہی دنوں میں۔وہاں میں نے ان کو کہا تھا کہ میں چار میڈیکل سنٹر اور ایک میڈیکل ہاسپیٹل یہاں کھولنے کے لئے تیار ہوں۔