خلافۃ علیٰ منھاج النبوۃ (جلد سوم)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 502 of 644

خلافۃ علیٰ منھاج النبوۃ (جلد سوم) — Page 502

خلافة على منهاج النبوة ۵۰۲ جلد سوم بادشاہتیں نسلاً بعد نسل چلنے کی وجہ سے تباہ ہوتی ہیں لیکن خلیفہ کی کوئی ذاتی جائیداد نہیں ہوتی اور اس کے ذاتی فوائد بھی نہیں ہوتے کہ فساد کریں۔نہ آئندہ اولادوں کے لئے خلافت منتقل کر سکتے ہیں کیونکہ خلفاء کا دستور روکتا ہے اس لئے وہ نقائص دور ہو گئے جو شخصی حکومت میں ہوتے ہیں۔جمہوری حکومت پارٹی فیلنگ سے تباہ ہوتی ہے۔اس وقت انگلستان اور فرانس بھی جو تباہی کی طرف جارہے ہیں پارٹیوں کی وجہ سے ہی جار ہے ہیں مگر اسلام نے ایسا طریق رکھا ہے کہ تبا ہی نہیں ہوسکتی۔اسلام سے ملتا جلتا ظاہری نظام رومیوں میں پایا جاتا ہے اس لئے ہزار سال سے زیادہ سے چلا آ رہا ہے لیکن اور کوئی حکومت ایسی نہیں جو اتنے لمبے عرصہ سے ایک طریق پر قائم ہو۔مگر ان میں بھی نقص ہے کہ شریعت کو لعنت قرار دیتے ہیں اس لئے پوپ جو چاہے مذہب بنا دیتا ہے اس لئے انتظام تو چلا جا رہا ہے مگر نقص یہ ہے کہ چونکہ مذہب کا فیصلہ پوپ کی رائے پر ہوتا ہے اس لئے مذہب باطل ہو گیا اور اس میں دست اندازی سے لڑائیاں ہوتی رہتی ہیں۔مگر اسلام میں ایسا نہیں ہوسکتا کیونکہ قرآن مجید ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کلام موجود ہے ان حد بندیوں کے اندر خلیفہ کام کر سکتا ہے ان سے باہر نہیں جا سکتا۔پس اس طرح اس نے تمام نقائص مٹا دیئے اور ضروری باتوں کو جمع کر دیا ان سے فائدہ اُٹھایا جاسکتا ہے۔اصولی باتیں خدا نے طے کر دیں جو ایسی جامع ہیں کہ کوئی کمی باقی نہیں رہ گئی اور تفصیل رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرما دی اسی لئے ایک یہودی نے کہا تھا کہ دین تو اسلام ہی سچا ہے کہ پاخانے تک کے مسئلے بیان کر دیئے ہیں اور کوئی بات نہیں چھوڑی۔فی الواقع یہ قابل رشک بات ہے۔جرمنی سے ایک کتاب شائع ہوئی ہے اس کا مصنف لکھتا ہے اسلام کے متعلق خواہ کچھ کہیں مگر بڑا مکمل مذہب ہے کہ کوئی بات نہیں چھوڑی۔پس چونکہ پارٹی ہوتی نہیں اور خلیفہ سب سے تعلق رکھتا ہے اس لئے اُس کا تعلق سب سے ایسا ہی ہوتا ہے جیسے باپ بیٹے کا۔بھائی بھائی تو لڑ پڑتے ہیں مگر باپ سے لڑائی نہیں ہوسکتی۔چونکہ خلیفہ کا سب سے محبت کا تعلق ہوتا ہے اس لئے اگر ان میں لڑائی بھی ہو جائے تو وہ دور کر دیتا ہے اور بات بڑھنے نہیں پاتی۔