خطابات طاہر (قبل از خلافت۔ تقاریر جلسہ سالانہ) — Page 76
تقاریر جلسه سالانه قبل از خلافت 76 پیشگوئی مصلح موعود ۴۶۹۱ ء مڑ کر نگاہ ڈالی نفرت اور حقارت کی نگاہ ڈالی یہاں تک کہ اس کی بیوی اس سے برگشتہ ہوگئی۔اس کے سب مدح سراؤں نے دشنام طرازی کو اپنا شیوہ بنالیا۔پھر جب وہ مرا تو ایسی کسمپری کی حالت میں مرا کہ ایک عظیم گروہ کی سرداری تو کیا نصیب ایک ادنی انسان اسے اپنا غلام بنانا بھی گوارا نہ کرتا۔یہ تھا وہ ڈوئی کا عبرتناک انجام جو خدا کے ایک شیر پر ہاتھ ڈالنے کے بعد اس نے دیکھا۔کیا اس کے بعد بھی کوئی متعصب آنکھ ہمارے امام کی بیماری اور اس عقوبت الہی میں کوئی مشابہت دیکھ سکتی ہے جس نے ڈوئی کو اپنا شکار بنایا؟ کیا معاندین کا یہ گروہ نہیں دیکھتا کہ اپنے امام کی بیماری کے باوجود ہم ترقی کی راہ پر پہلے سے زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ گامزن ہیں؟ ہمارے جذبہ خدمت دین پر یہ بیماری ایک جلاد کی چھری کی طرح نہیں بلکہ ایک سوار کی مہمیز کی طرح پڑی ہے۔آپ کی بیماری سے پہلے کی نسبت آج ہماری تعداد زیادہ ہے ، ہمارے مبلغ زیادہ ہیں ، ہماری مساجد زیادہ ہیں ، ہمارے رسائل زیادہ ہیں ، ہماری اشاعت زیادہ، ہمارا رسوخ زیادہ اور ہماری مالی قربانی زیادہ ہے۔ڈوئی کے متبعین کے دل میں تو خدا نے اس کی ایسی نفرت بھر دی تھی کہ وہ حقارت بھری نظروں کے سوا اسے دیکھنا بھی گوارا نہ کرتے تھے مگر ہماری اپنے امام سے محبت ایسی بڑھی ہے کہ لاکھوں آنکھیں ہیں جو شوق دید میں آب دیدہ پھرتی ہیں اور ہزاروں شب زندہ دار ہیں جو راتوں کو اٹھ اٹھ کر اس کی خاطر اپنے رب کے حضور روتے ہیں اور سجدہ گاہوں کو اس کی محبت کے آنسوں سے تر کر دیتے ہیں۔خدا کے یہ وفا شعار متوکل بندے مایوس نہیں ! ہاں اس خالق موت وحیات کی ہر تقدیر کے سامنے سرنگوں اور راضی بر رضا ہیں۔یہ جانتے ہیں کہ قانون قدرت نیک وبد کی تمیز سے بے نیاز اپنے ایک الگ دائرہ اختیار میں کام کرتا چلا جاتا ہے۔یہ جانتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کی تقدیر بعضوں کو نا گہانی طور پر اپنی طرف بلاتی ہے تو بعضوں کو نیم مردنی کی حالت میں جلد بخشتی اور واپس زندوں کی دنیا میں لاتی ہے اور اگر وہ چاہے اور ایسی ہی اس کی رضا ہوتو بعض روحوں کو معاً اور بعضوں کو رفتہ رفتہ ان کے نفسی نقطہ آسمان کی طرف اٹھاتا ہے۔پس اپنے دلوں کی تاریکیوں کو اس نور پر مت پھینکو اور خدا کی عقوبت سے ڈرو۔وہ کیسے مور د غضب الہی ہوا جس کی زندگی پہلے بھی دین محمد کے لئے گداز تھی اور آج بھی گداز ہے؟ وہ