خطابات مریم (جلد اوّل) — Page 248
248 لیکن ہمارا ایمان زندہ خدا پر ہے جس کے وعدے آج بھی ہم پورے ہوتے دیکھتے ہیں۔ہمیں چاہئے کہ اللہ تعالیٰ کے سچے عبد بنیں اور دنیا کے لئے کامل نمونہ نہیں تا ساری دنیا کو نظر آجائے کہ عبودیت کا نظارہ اس جماعت سے بڑھ کر اور کہیں نظر نہیں آسکتا وہ پھر خدا تعالیٰ کی محبت میں سرشار ہو کر خدا تعالیٰ کی خاطر خدا تعالیٰ کی مخلوق سے محبت کریں ان کی بہبودی اور اصلاح کی فکر کریں۔نبی کریم ﷺ کی ساری زندگی کا خلاص انَّ صَلوتِي وَنُسُكِي وَمَحْيَايَ وَمَمَاتِي لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ (الانعام: 163) کے اندر آجاتا ہے اور یہی مقصد اور نصب العین ہم سب کا ہونا چاہئے۔ہماری عبادت اور ہمارا جینا مرنا خدا تعالیٰ کی خاطر ہو۔ہم اللہ تعالیٰ کے حقوق بھی پوری طرح ادا کریں اور خدا تعالیٰ کے بندوں کے حقوق بھی پوری طرح ادا کریں اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم قرآن کو اس طرح پڑھیں کہ ہمیں اس کے مطالب پوری طرح سمجھ آتے ہوں۔احادیث پڑھیں۔نبی کریم ﷺ کی سوانح حیات کا ہمیں پوری طرح علم ہونا چاہئے تا آپ کے ہر قول و فعل کی پیروی کر سکیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے لٹریچر کو کثرت سے پڑھیں کیونکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جس رنگ میں آنحضرت ﷺ کی سیرت کو پیش کیا ہے اس کو پڑھنے کے بعد نا ممکن ہے کہ آنحضرت ﷺ سے عشق و محبت پیدا نہ ہو۔ہمیں چاہئے کہ اُٹھتے بیٹھتے کھاتے پیتے دنیا کے کام کرتے ہر وقت اس بات کو مد نظر رکھیں کہ ہمارا کوئی عمل ہماری کوئی حرکت قرآن مجید کی تعلیم کے خلاف نہ ہو۔آنحضرت ﷺ کے اسوہ حسنہ کے خلاف نہ ہو۔اللہ تعالیٰ کی صفات کا ظہور اس دنیا میں آنحضرت ﷺ کے ذریعہ سے ہوا۔اللہ تعالیٰ نے آپ کو اتنا بڑا درجہ عطا فرمایا کہ ساری دنیا کے لئے حکم فرما دیا کہ قُلْ إِنْ كُنتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللهُ (ال عمران: 32) اے لوگو! اگر تم اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا چاہتے ہو تو ثبوت کے طور پر محمد رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کرو۔آپ ﷺ کے اخلاق اپنے اندر پیدا کرنے کی کوشش کرو۔جس کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ بھی تم سے محبت کرے گا۔گویا محبت الہی کی شرط قیامت تک کے لئے اطاعت رسول رکھ دی گئی۔نبی کریم ہے کے حلقہ اطاعت سے باہر رہ کر اب کوئی خدا تعالیٰ کی محبت حاصل نہیں کر سکتا۔اسی طرح اللہ تعالیٰ یہ بھی فرماتا ہے:۔لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِى رَسُولِ اللهِ أَسْوَةٌ حَسَنَةٌ (الاحزاب: 22) کہ محمد رسول اللہ ﷺ کے طور طریق سیکھو۔