مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 454
ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے وقت ظالم لوگ اسلام پر تلوار کے ساتھ حملے کرتے تھے اور چاہتے تھے کہ اسلام کو تلوار کے ذریعہ سے نابود کردیں۔سو جنہوں نے تلواریں اُٹھائیں وہ تلوار سے ہی ہلاک کئے گئے۔سو وہ جنگ صرف دفاعی جنگ تھی۔اب خواہ نخواہ ایسے اعتقاد پھیلانا کہ کوئی خونی مہدی آئے گا اور عیسائی بادشاہوں کو گرفتار کرے گا یہ محض بناوٹی مسائل ہیں جن سے ہمارے مخالف مسلمانوں کے دل سیاہ اور سخت ہوگئے ہیں اور جن کے ایسے عقیدے ہیں وہ خطرناک انسان ہیں اور ایسے عقیدے کسی زمانہ میں جاہلوں کے لیے بغاوت کا ذریعہ ہو سکتے ہیں بلکہ ضرور ہوں گے سو ہماری کوشش ہے کہ مسلمان ایسے عقیدوں سے رہائی پاویں۔یاد رکھو کہ وہ دین خدا کی طرف سے نہیں ہوسکتا۔جس میں انسانی ہمدردی نہیں۔خدا نے ہمیں یہ سکھایا ہے کہ زمین پر رحم کرو تا آسمان سے تم پر رحم کیا جائے۔وَالسَّـلَام خاکســــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــار مرزا غلام احمد مسیح موعود عَافَاہُ اللّٰہُ وَاَیَّدَہٗ ۷؍ مئی ۱۹۰۷ء مطبوعہ میگزین پریس قادیان (یہ اشتہار ۲۰×۸۲۶ کے دوصفحوں پر ہے ) (تبلیغ رسالت جلد۱۰ صفحہ ۱۲۲ تا ۱۲۵)