مجموعہ اشتہارات (جلد 3) — Page 143
عرب کے نواح کا فرمان روا تھا ہلاک کر کے اپنی قوم کو سلطنت عطا کی اور جیسا کہ موسیٰ نے کسی پہلے نبی سے اصطباغ نہیں پایا خود خدا نے اس کو سکھلایا ، ایسا ہی آنحضرت صلے اللہ علیہ وسلم کا اُستاد بھی خدا تھا۔کسی نبی کی مریدی اختیار نہیں کی۔غرض ان چار باتوں میں محمد مصطفی صلے اللہ علیہ وسلم اور موسیٰ علیہ السّلام میں مماثلت تھی۔اور مَیںابھی بیان کر چکا ہوں کہ جیسا کہ حضرت موسیٰ کا سلسلہ ایک ایسے نبی پر ختم ہوا جو چودہ سو برس کے ختم ہونے پر آیا اور باپ کی رُو سے بنی اسرائیل میں سے نہیں تھا اور نہ جہاد کے ساتھ ظاہر ہوا تھا اور نہ اسرائیلی سلطنت کے اندر پیدا ہوا۔یہی تمام باتیں خدا نے محمدی مسیح کے لئے پیدا کیں۔چودھویں صدی کے سر پر مجھے مامور کرنا اسی حکمت کے لئے تھا کہ تا اسرائیلی مسیح اور محمدی مسیح اس فاصلہ کے رُو سے جو اُن میں اور اُن کے مورث اعلیٰ میں ہے باہم مشابہ ہوں۔اور مجھے خدا نے قریش میں سے بھی پیدا نہیں کیا تا پہلے مسیح سے یہ مشابہت بھی حاصل ہو جائے کیونکہ وہ بھی بنی اسرائیل میں سے نہیں اور مَیں تلوار کے ساتھ بھی ظاہر نہیں ہوا۔اور میری بادشاہت آسمانی ہے اور یہ بھی اس لئے ہے کہ تا وہ مشابہت قائم رہے۔اور مَیں انگریزی سلطنت کے ماتحت مبعوث کیا گیا۔اور یہ سلطنت رُومی سلطنت کے مشابہ ہے۔اور مجھے امید ہے کہ اس سلطنت کے میرے ساتھ شاہانہ اخلاق رُومی سلطنت سے بہتر ظاہر ہوں گے۔اور میری تعلیم وہی ہے جو مَیں اشتہار ۱۲؍ جنوری ۱۸۸۹ء میں ملک میں شائع کر چکا ہوں۔اور وہ یہ کہ اُسی خدا کو مانو جس کے وجود پر توریت ، انجیل اور قرآن تینوں متفق ہیں۔کوئی ایسا خدا اپنی طرف سے مت بنائو۔جس کا وجود ان تینوں کتابوں کی متفق علیہ شہادت سے ثابت نہیں ہوتا۔وہ بات مانو جس پر عقل اور کانشنس کی گواہی ہے۔اور خدا کی کتابیں اس پر اتفاق رکھتی ہیں۔خدا کو ایسے طور سے نہ مانو جس سے خدا کی کتابوں میں پھوٹ پڑ جائے۔زنا نہ کرو، جھوٹ نہ بولو ،اور بد نظری نہ کرو۔اور ہر ایک فسق و فجور اور ظلم اور خیانت اور فساد اور بغاوت کی راہوں سے بچو اور نفسانی جوشوں کے مغلوب مت ہو۔پنجوقت نماز ادا کرو کہ انسانی فطرت پر پنج طور پر ہی انقلاب آتے ہیں۔اور اپنے