مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 35
تسلّی و تشفی کرنے کو ہر وقت مستعد اور حاضر ہے۔وَ ذٰلِکَ فَضْلُ اللّٰہِ یُؤْتِیْہِ مَنْ یَّشَآئُ وَ لَا فَخْرَ وَ السَّلَامُ عَلٰی مَنِ اتَّبَعَ الْھُدٰیاور اگر اس اشتہار کے بعد بھی کوئی شخص سچا طالب بن کر اپنی عقدہ کشائی نہ چاہے اور دلی صدق سے حاضر نہ ہو تو ہماری طرف سے اس پر اتمام حجت ہے جس کا خدا تعالیٰ کے رُوبرو اس کو جواب دینا پڑے گا۔بالآخر اس اشتہار کو اس دعاپر ختم کیا جاتا ہے کہ اے خداوند کریم تمام قوموں کے مستعد دلوں کو ہدایت بخش کہ تا تیرے رسول مقبول افضل الرسل محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اور تیرے کامل و مقدس کلام قرآن شریف پر ایمان لاویں اور اس کے حکموں پر چلیں تا ان تمام برکتوں اور سعادتوں اور حقیقی خوشحالیوں سے متمتع ہو جاویں کہ جو سچے مسلمان کو دونوں جہانوں میں ملتی ہیں اور اس جاودانی نجات اور حیات سے بہرہ ور ہوں کہ جو نہ صرف عقبیٰ میں حاصل ہو سکتی ہے بلکہ سچے راستباز اسی دنیا میں اس کو پاتے ہیں۔بالخصوص قوم انگریز جنہوں نے ابھی تک اس آفتاب صداقت سے کچھ روشنی حاصل نہیں کی اور جس کی شائستہ اور مہذب اور بارحم گورنمنٹ نے ہم کو اپنے احسانات اور دوستانہ معاونت سے ممنون کر کے اس بات کے لئے دلی جوش بخشا ہے کہ ہم اُن کے دنیا و دین کے لیے دلی جوش سے بہبودی و سلامتی چاہیں تا ان کے گورے و سپید منہ جس طرح دنیا میں خوبصورت ہیں آخرت میں بھی نورانی و منّور ہوں۔فَنَسْئَلُ اﷲَ تَعَالٰی خَیْرَھُمْ فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ اَللّٰھُمَّ اھْدِھِمْ وَاَیِّدْہُمْ بِرُوْحٍ مِّنْکَ وَاجْعَل لَّھُمْ حَظًّا کَثِیْرًا فِیْ دِیْنِکَ وَ أَجْذِبْھُمْ بِحَوْلِکَ وَ قُوَّتِکَ لِیُؤْمِنُوْا بِکِتَابِکَ وَرَسُوْلِکَ وَیَدْخُلُوْا فِیْ دِیْنِ اللّٰہِ اَفْوَاجًا۔اٰمِیْن ثُمَّ اٰمِیْنَ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔المشــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــتھر خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور ملک پنجاب مطبوعہ ریاض ھند پریس امرتسر (بیس ہزار اشتہار چھاپے گئے) (سرمہ چشم آریہ روحانی خزائن جلد ۲ صفحہ ۳۱۹،۳۲۰)