مجموعہ اشتہارات (جلد 1)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 276 of 623

مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 276

دعوے کی شرط صحت کو جو وفات مسیح ابن مریم ہے، کامل طور پر تصدیق کرتے ہیں۔قرآن کریم کی تیس آیتیں حضرت عیسیٰ بن مریم کا فوت ہو جانا بیان کر رہی ہیں۔جیسا کہ کتاب ازالہ اوہام میں مفصل ذکر ہے، لیکن قرآن کریم میں ایک بھی ایسی آیت نہیں جوعیسیٰ بن مریم کی زندگی پر صَرِیْحَۃُ الدَّلَالَتْ ہو۔اور خدا تعالیٰ نے مجھے وہ آسمانی نشان بخشے ہیں جو اس زمانہ میں کسی دوسرے کو نہیں بخشے گئے۔چنانچہ ان دونوں طور کے دلائل کے بارے میں مَیں نے ایک مبسوط کتاب ازالۂ اوہام نام لکھی ہے جو چھپ کر طیّار ہو چکی ہے۔اور وہ ساٹھ جزو کی کتاب ہے اور بڑے اہتمام سے تیار ہوئی ہے اور مع ھٰذا فقط تین روپیہ اس کی قیمت رکھی ہے۔اس کتاب میں بہت سے دلائل کے ساتھ حضرت عیسیٰ ابن مریم کی وفات ثابت کی گئی ہے۔اور اپنے مسیح موعود ہونے کی نسبت بہت سے دلائل بیان کئے گئے ہیں۔اس کتاب میں بہت سی پیشگوئیاں بھی لکھی ہیں اور بعض دوسرے نشان بھی بیان کئے ہیں۔اور قرآن کریم کے حقایق و معارف اس میں بکثرت درج ہیں۔اور وہ باتیں اس میں ہیں جو انسانوں کے علم اور طاقت سے بڑھ کر ہوتی ہیں۔جو شخص اس کو اوّل سے آخر تک بغور و انصاف پڑھے گا اس کا نور قلب بلاشبہ شہادت دے گا کہ اس کتاب کے بہت سے مرقومات صرف الٰہی طاقت سے لکھے گئے ہیں۔اور یہ وہی کتاب ہے جس کی نسبت رسالہ توضیح مرام میں نصیحتاً لکھا گیا تھا کہ اس کے دیکھنے سے پہلے کوئی صاحب مخالفانہ تحریر شایع نہ کریں۔سو اب وہی بفضلہ تعالیٰ طیّار ہو گئی ہے اور خدا تعالیٰ نے چاہا ہے کہ سچائی کی حجت اپنی اس مخلوق پر پوری کرے جو سچائی سے روگردان ہے۔مع ہذا چونکہ میں اس وقت اس شہر دہلی میں وارد ہوں اور افواہ سُنتا ہوں کہ اس شہر کے بعض علماء جیسے حضرت سیّد مولوی نذیر حسین صاحب اور جناب مولوی ابومحمد عبد الحق صاحب اس عاجز کی تکذیب اور تکفیر کے درپے ہیں۔اور الحاد اور ارتداد کی طرف منسوب کرتے ہیں۔اگرچہ مجھے معلوم نہیں کہ یہ روایتیں کہاں تک صحیح ہیں۔صرف لوگوں کی زبان سے سُنا ہے۔وَ اللّٰہُ اَعْلَمُ بِالصَّوَاب۔لیکن اِتْمَامًا لِلْحُجَّۃِ حضرات موصوفہ کی خدمت میں گزارش کرتاہوں کہ معجزات و لیلۃ القدر و وجود ملائکہ و وجود جبرائیل و معراج نبوی وغیرہ تعلیمات قرآن کریم و احادیث صحیحہ پر تو میرا ایمان ہے۔اور مجھے محدّثیت کا دعویٰ ہے نہ نبوت تامہ کا۔