مجموعہ اشتہارات (جلد 1) — Page 172
پادری وائٹ بریخٹ صاحب ایک عام جلسہ بٹالہ میں منعقد کر کے اس جلسہ میں حلفاً اقرار کریں کہ اگر مضمون کسی بند لفافہ کا جو میری طرف سے پیش ہو، دس ہفتہ تک مجھ کو بتلایا جاوے تو میں بلاتوقف دین مسیحی سے بیزار ہو کر مسلمان ہو جاؤں گا۔اور اگر ایسا نہ کروں تو ہزار روپیہ جو پہلے سے کسی ثالث منظور کردہ کے پاس جمع کرا دوں گا بطور تاوان انجمن حمایت اسلام لاہور میں داخل کیا جاوے گا۔اس تحریری اقرار کے پیش ہونے کے اور نیز نور افشاں میں چھپنے کے بعد اگر دس ہفتہ تک ہم نے لفافہ بند کا مضمون بتلا دیا تو اِیفاء شرط کا پادری صاحب پر لازم ہو گا۔ورنہ اُن کے روپیہ کی ضبطی ہو گی اور اگر ہم نہ بتلا سکے تو ہم دعویٰ الہام سے دست بردار ہو جائیں گے اور نیز جو سزا زیادہ سے زیادہ ہمارے لیے تجویز ہو وہ بخوشی خاطر اُٹھا لیں گے۔فقط المعـــــــــــــــــــــــــــــلن خاکسار غلام احمد قادیانی ۹؍ جون ۱۸۸۸ء ( یہ پر دو صفحے کا ہے ) (مطبوعہ ریاض ہند پریس امرتسر) (تبلیغ رسالت جلد ۱ صفحہ ۱۰۸ تا ۱۱۱)