ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 464 of 569

ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت) — Page 464

اس کا نام بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے کفر رکھا ہے۔میں نے ایک دفعہ اپنی بی بی کو دیکھا کہ تین بچوں کو لئے ہوئے ایک چارپائی پر اس نے رات گزاری۔میں حیران ہوا کہ اس میں تو کروٹ بدلنا بھی مشکل ہے۔کس قدر عورتوں کو محنت اٹھانی پڑتی ہے۔میں دیر تک متعجب رہا اور اپنا حال دیکھا روتا بچہ ایک منٹ کیا ایک سیکنڈ میں نہیں رکھتا۔عورتوں کی قدر کرنی چاہیے۔باب۲۲ اِخْوَانُکُمْ خَوَلُکُمْ۔تمہارے غلام تمہارے بھائی ہیں اور تمہارے کاموںکی اصلاح کرتے ہیں۔خَوَلَ۔کاموں کی اصلاح کرنے والا۔ماتحت۔باب اَلْقَاتِلُ وَالْمَقْتُوْلُ۔دو مسلمان آپس میں ایک دوسرے پر تلوار اٹھائیں تو حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہر دو فی النار ہیں۔جس وقت معاویہ اور حضرت علیؓ میں جنگ چھڑی تو اس وقت صحابہ کے چار گروہ تھے۔ایک وہ جو حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو خلیفہ مانتے تھے اور اس کے مخالف کو باغی سمجھتے تھے۔دوسرے وہ جو معاویہ کے جانبدار تھے اور حضرت عثمان کے قاتلوں کو سزا دلوانا چاہتے تھے۔تیسرے وہ جو دونوں کو برا سمجھتے تھے کہ آپس میں لڑتے ہیں۔کفار کا مقابلہ چھوڑ بیٹھے ہیں۔چوتھے وہ جو دونوں کو معذور سمجھ کر خود جنگل میں چلے گئے نہ کسی کے طرف دارہوئے اور نہ کسی کے مخالف بنے۔باب۲۳ ظُلْمٌ دُوْنَ ظُلْمٍ۔ظلم کے بھی مراتب ہیں۔باب۲۹ سَدِّدُوْا۔مضبوط راہ اختیار کرو اعتدال پسند بنو۔باب۳۷ سَاعَۃٌ کے معنے صرف قیامت کے نہیں بلکہ مختلف اوقات میں مختلف باتوں پر یہ لفظاستعمال کیا گیا ہے۔کسی بڑے تغیر کے وقت کو بھی ساعت کہتے ہیں۔باب۳۹ اَلْحَلَالُ بَیِّنٌ۔حلال کا حکم صاف ہے۔اَلْحَرَامُ بَیِّنٌ۔حرام کا حکم بھی صاف ہے۔