ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 249 of 569

ارشادات نور (جلد سوم۔ بعد از خلافت) — Page 249

سے لکھی ہوئی موجود ہیں۔جن کی ایک نقل اندراج کی غرض سے ارسال خدمت کرتا ہوں شاید کہ احباب فائدہ اٹھا لیویں۔والسلام حسن علی سب اسسٹنٹ سرجن پشاور چھاؤنی ریلوے شفاخانہ ۲؍ اپریل ۱۹۱۲ء پندو نصائح ۱۔اپنے اندر تبدیلی پیدا کرنے کے لیے استغفار، لاحول، الحمد للہ اور درود کو بہت توجہ سے پڑھو۔۲۔متکبر، منافق، کنجوس، غافل، بے و جہ لڑنے والے، کم ہمت، مذہب کو لہو ولعب سمجھنے والے اور بے باک لوگوں سے تعلق نہ رکھو۔۳۔نماز مومن کا معراج ہے تمام عبادتوں کی جامع ہے کبھی اس میں غفلت نہ کرو۔بے کس اور بے بس لوگوں کے ساتھ سلوک کیا جاوے۔۴۔اپنے فرض منصبی کے ادا کرنے اور اپنے بڑوں کے ادب اور اپنے برابروں کی مدارات بقدر امکان کرو۔۵۔والدین اور افسروں کے راضی رکھنے میں کوشش کرو جہاں تک دین اجازت دیوے۔۶۔باہمی تعارف رکھو۔۷۔انگریزی اور عربی بولنے کی مشق کرو اور عادت ڈالو۔۸۔ہر کام احتیاط اور عاقبت اندیشی سے کرنا۔۹۔نیک نمونہ بنو۔۱۰۔جو کام ہو صرف اللہ ہی کے لیے ہو۔کھانا ہو یا پہننا، سونا ہو یا جاگنا، اٹھنا ہو یا بیٹھنا ہو، دوستی ہو یا دشمنی۔۱۱۔ہر ایک مشکل میں دعا سے کام لو۔