ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 465 of 566

ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 465

کاتب واقدی عام تاریخ میں البدائۃ والنہایۃ ابن کثیر اور دول الاسلام ذہبی، مقدمہ تاریخ ابن خلدون۔شیعہ کا اعتقاد ہے ناسخ التواریخ عمدہ ہے۔مجھے تو میرے ائمہ نے سکھایا ہے کہ تاریخی کتابوں پر اپنے عقائد اور فروعات فقہ کی بنا مت رکھو۔مجھے تو اب تک واقعات جمل و صفین اور آیۃ کریم (الفتح:۳۰) کی تطبیق عمدہ طور پر معلوم نہیں ہوئی۔آہ۔کیسا ناقص علم ہے۔کاش یونیورسٹی کا کوئی مل جاتا۔مجھے آبِ حیات محمد حسین آزاد اردو میں پسند تھی مگر شبلی صاحب نے اپنی ایک کتاب میں لکھ دیا ہے یہ رافضی علامہ شوستری کا بدلہ لیتا ہے۔خاکسار بچپن میں سنتا چلا آیا کہ امیر تیمور نادر بڑے ظالم تھے اور جہانگیر نور جہاں کا عاشق زار وسکیر و خمیر تھا۔حجاج نے کعبہ جلایا۔اور اب میں امیر تیمور کونادر شاہ کو جہانگیر کو بڑی محبت سے دیکھتا ہوں۔رحمہم اللہ کہتا ہوں، یقین کرتا ہوں کہ حجاج کے ہاتھوں بیت اللہ نہیں جلا۔ابوالفضل فیضی مجھے پیارے ہیں گو آپ کہہ دیں گے کہ آخر آپ کو تاریخوں سے پتہ لگا اور ان سے فائدہ پہنچا۔نہیں پیارے ہرگز نہیں اور ذرائع محبت کے ہوئے اَور، حرق کعبہ کے اور ہوئے۔طبیعت علیل ہے آپ کو کاموں سے فرصت کہاں۔خط اپنے ہاتھ سے لکھا ہے۔والسلام نورالدین ۲؍اگست۱۹۱۱ء قرآن شریف میں قصے نہیں فرمایا۔اللہ تعالیٰ کی کتاب میں کہانیاں نہیں ہیں کہ لوگوں کے دل بہلانے کے واسطے قصے لکھ دیئے گئے ہوں۔بلکہ اللہ تعالیٰ نے انبیاء اور نیک لوگوں کے حالات اس واسطے بیان کردیئے ہیں کہ سننے والے ویسے ہی نیک اعمال کرکے بڑے بڑے درجات پاویں۔اللہ تعالیٰ اسی واسطے ایسے بیانات کے اخیر میں فرماتا ہے۔(الانعام:۸۵) اللہ تعالیٰ نیکی کرنے والوں کو ایسا ہی اجر دیتا ہے اور بروں کے حالات عبرت کے واسطے بیان کیے جاتے ہیں۔