ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 424 of 566

ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 424

میرا صدیق اکبر کی نسبت یہی عقیدہ ہے کہ سقیفہ بنی ساعدہ نے خلیفہ نہیں بنایا۔نہ اس وقت جب منبر پر لوگوں نے بیعت کی نہ اجماع نے ان کو خلیفہ بنایا بلکہ خدا نے ان کو خلیفہ بنایا۔خدا نے چار جگہ قرآن میں خلافت کا ذکر کیا ہے اور چار بار اپنی طرف اس کی نسبت کی ہے۔حضرت آدم کے بارہ میں فرمایا۔(البقرۃ:۳۱)پھر حضرت داؤد کی نسبت ارشاد کیا (:۲۷) پھر صحابہ کرام کے لیے فرمایا(النور:۵۶) اور پھر سب کے لیے فرمایا۔(یونس:۱۵) پس میں بھی خلیفہ ہو اتو مجھے خدا نے بنایا اور اللہ کے فضل سے ہی ہوا جو کچھ ہوا۔اور اس کی طاقت کے بغیر انسان کچھ بھی نہیںکرسکتا۔دیکھو! میرا یہ زخم ناسور کی صورت اختیار کرگیا ہے۔دس ڈاکٹروں نے اس پر زور مارا مگر کچھ بھی نہ کرسکے۔میں نے خود خطرناک سے خطرناک ناسوروں کا علاج صرف دوائی کھلا کر کیا ہے اور مجھے پورا یقین تھا کہ ناسور اچھا ہوسکتا ہے۔ہاں وہ ناسور دقت طلب ہے جو مقعد کے قریب ہو۔یہ سب کچھ اس لیے ہوا تا تم جانو! کہ اللہ کے اختیار میں ہے۔تمہیں چاہیئے دنیا کماتے آپ کھاتے بیوی بچوں کو کھلاتے۔اس سے بچتا تو دوسرے کے نفع اور مخلوق کی شفقت پر خرچ کرتے۔پھر اس سے وقت بچے تو الحمد پڑھو۔لاحول پڑھو۔استغفار پڑھو۔درود پڑھو۔لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کا ذکر کرو۔تمہارے پاس ان لغو کاموں اور باتوں کے لیے وقت کہاں سے آگیا۔اپنے اخلاق کی کمزوریوں کی اصلاح کرو۔گندی گالیاں تمہارے منہ سے نہ نکلیں۔تم میں طمع و حرص نہ ہو۔تجارت میں حساب و کتاب رکھو۔ملازمت میں فرض منصبی کو ایمانداری سے ادا کرو۔مسیح بے باپ تھا یا نہیں؟ ایک اور بحث بھی ہے کہ مسیح بے باپ تھا یا نہیں! میں کہتا ہوں ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر کا باپ تھا یا نہیں۔شریعت نے ہمیں اس بات پر مامور نہیں کیا کہ ہم پیغمبروں کے ماں باپوں اور بہن بھائیوں کی تحقیق کرتے پھریں۔یہ باتیں تمہاری روحانیت میں داخل نہیں۔ہم نے آج جو کچھ سمجھایا وہ درد دل سے سمجھایا ہے۔اللہ تعالیٰ ہی سمجھ دے اسی کے قبضہ میں سب کے دل ہیں۔