ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 281 of 566

ارشادات نور (جلد دوم۔ بعد از خلافت) — Page 281

فہرست حضرت کے سرہانے تھی۔۴ بجے صبح کے قریب برادرم شیخ تیمور کو موقعہ ملا کہ وہ اس دعا کی فہرست کو سنائیں۔فرمایا۔خوب کیا۔میں اس وقت دعا ہی میں مصروف تھا۔یوم العید کی صبح کو میں مولانا مولوی سید محمد احسن صاحب کے ہمراہ حاضر خدمت ہوا تو آپ نے فرمایا کہ کل دعاؤں کے لئے بڑا وقت ملا۔اور فرمایا۔رات کو بہت ہی کم سو سکا اور تین رؤیا دیکھے۔جن میں سے ایک میں کسی شخص جعفر نام نے آپ کو کہا کہ آپ ہمارے امام ہیں نماز پڑھادیں اور پاؤ سپارہ سنادیں۔میں نے سورۃ فاتحہ اور سورۃ البقرپڑھی۔پھر کسی رؤیا میں آپ نے سورۃ اور سورۃ  تلاوت کیں۔چنانچہ ان مبشر رؤیا کی تعبیر آپ نے تعطیر الانام سے سنی۔آپ کی محنت و مذاق کا ادنیٰ نمونہ اور زبان عربی سے محبت کا ثبوت آپ نے تعطیر الانام کا جو ذکر کیا تو سید صاحب نے عرض کیا کہ آپ نے ایک فہرست تعبیر الانام کی بنائی تھی اور وہ میرے پاس بھی رہی ہے جس سے بڑی آسانی ہوتی تھی۔فرمایا۔ایسے کام میں نے بہت کئے ہیں اور مختلف فہرستیں لکھی ہیں۔ایک فہرست ان اشعار کی لکھی ہے جو تفاسیر میں آئے ہیں اور پھر ایک فہرست ان اشعار کی لکھی جو رضی شافیہ، رضی کافیہ، مطول اور سیبویہ کی الکتٰب میں آئے ہیں۔شوم کی بحث حضرت بعض اوقات عجیب عجیب نکات معرفت بیان کرتے ہیں۔میں نے ایک دن عرض کیا کہ میاں رحمت اللہ ساکن بنگہ نے مجھے کہا تھا کہ وہ ایک مکان کرایہ پر لینا چاہتے ہیں۔حضور اجازت دیں تو لے لیں۔فرمایا۔اتنا دیکھ لیں کہ اس مکان کے مالک اجڑ نہ گئے ہوں تو لے لیں۔پھر فرمایا۔شوم تین باتوں میں آیا ہے۔عورت، مکان، گھوڑا۔