ابنِ سلطانُ القلم — Page 238
ابن سلطان القلم ~ 238 فہارس مضامین از قلم معجز رقم خان بہادر مرزا سلطان احمد صاحب آپ کے مضامین اپنے وقت کے مختلف علمی و ادبی جرائد ومجلات کی زینت بنتے رہے۔خلافت لائبریری ربوہ میں آپ کے مضامین کی بارہ جلدیں موجود ہیں، جن میں تقریباً ساڑھے تین سو مضامین ہیں۔ان تمام مضامین کو اصل رسالوں سے الگ کر کے ۱۲ جلدوں کی صورت میں جمع کر دیا گیا ہے۔یہ کہنا غلط ہو گا کہ آپ نے صرف اسی قدر مضامین لکھے ہیں جو ان بارہ جلدوں میں آگئے ہیں کیونکہ یہ تمام مضامین بیسویں صدی (۱۹۰۰ء کے بعد) کے ہیں اور ان میں کوئی مضمون بھی انیسویں صدی کا نہیں، حالانکہ بیسویں صدی سے قبل آپ متعدد کتب تصنیف فرما چکے تھے۔لہذا یہ کیونکر ممکن ہے کہ بیسویں صدی سے قبل آپ نے کوئی مضمون رقم ہی نہ فرمایا ہو۔دوسرے خاکسار کو انٹر نیٹ پر بیسویں صدی کے آغاز میں شائع ہونے والے بعض رسالے دستیاب ہو گئے، جن میں ایسے ۲۶ مضامین کا سراغ مل گیا، جو خلافت لائبریری میں موجو دبارہ جلدوں میں شامل نہیں تھے۔اس طرح ان نئے دریافت ہونے والے مضامین سے آپ کے مضامین کی تیرھویں جلد بن جاتی ہے۔بہر حال اس سے یقینی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ ان جلدوں میں موجود مضامین کے علاوہ آپ کے اور بہت سے مضامین بھی ہیں، جن کی بازیافت کے لیے اُس زمانے کے رسائل و اخبارات کی مزید کھوج لگانے کی ضرورت ہے۔