ہومیوپیتھی یعنی علاج بالمثل — Page 743
سینیگا 743 171 سینیگا SENEGA (Snake Wort) سینیگا ایک ایسی ایلو پیتھک دوا ہے جو گزشتہ سوسال سے بھی زائد عرصہ سے روایتی طب میں سینہ کی بیماریوں کے علاج میں استعمال ہوتی رہی ہے اور یہ اس نسخہ کا مستقل جزو بنی رہی ہے جو کھانسی، تپ دق اور چھاتی کی دوسری بیماریوں میں استعمال ہوتا تھا۔اگر چہ یہ درست ہے کہ اس سے ابتدا میں فائدہ پہنچتا ہے لیکن اس کے لمبے استعمال سے نقصان بھی ہوتا ہے اور وہی بیماریاں جن کی یہ آغاز میں اصلاح کرتی ہے بعد میں انہی کو بڑھانے کا موجب بنتی ہے۔ایسی سب بیماریوں میں اس کا ہومیو پیتھک استعمال بغیر کسی نقصان کے شافی ثابت ہوتا ہے۔دل سے تعلق رکھنے والے دمہ (Cardiac Asthma) میں بھی سینیگا کو مفید بتایا جاتا ہے۔اس کا پلورل (Pleural) نمونیہ سے بڑا گہرا تعلق ہے اور اس مرض کے ازالہ میں یہ بہت کامیابی سے استعمال کی گئی ہے۔پھیپھڑے کے ارد گرد کی جھلی کو Pleura کہا جاتا ہے۔اس کی سوزش کے ساتھ جو نمونیہ ہو اسے پلورل (Pleural) نمونیہ کہتے ہیں۔اس بیماری کے ازالے میں اس کا اتنا گہرا تعلق ہے کہ انسانوں میں اگر چہ اس کا یہ استعمال خطا بھی جاتا ہے اور تشخیص غلط بھی ہو سکتی ہے لیکن جانوروں کے پلورل نمونیہ میں یہ ہمیشہ تیر بہدف ثابت ہوتی ہے۔جانوروں میں بیماری کی علامتیں صاف اور غیر مبدل ہوا کرتی ہیں۔اس لئے جہاں ایک جانور کی تکلیف میں کوئی دوا کام کرے گی دوسرے جانور کی اسی تکلیف میں بھی ضرور کارگر ہوگی۔