ہومیوپیتھی یعنی علاج بالمثل — Page 185
کیلیڈیم 185 45 کیلیڈیم CALADIUM (امریکہ میں اگنے والا ایک شلجم ) کیلیڈیم کو عام طور پر تمباکو کی عادت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے اور اسی وجہ سے اس دوا نے شہرت پائی ہے حالانکہ یہ محض اتنی مختصر اثر والی دوانہیں ہے۔اس میں کئی اور نمایاں علامات بھی پائی جاتی ہیں۔اس کی دماغی علامات بہت عجیب وغریب ہیں۔کیلیڈیم کے زہر کا یادداشت پر بہت برا اثر پڑتا ہے۔کوئی کام کرتے ہی بھول جاتا ہے۔کیلیڈیم Epilepsy یعنی مرگی کی بھی دوا ہو سکتی ہے۔شریانوں کی سختی (Arteriosclerosis) کا اثر بھی بہت بڑھ جائے تو کیلیڈیم کی یاد دلاتا ہے لیکن آرٹیریوسکلر وسس کی براہ راست دوا نہیں ہے۔کیلیڈیم کی خاص علامت یہ ہے کہ مریض کوئی کام کر کے سوچے گا کہ اس نے کیا ہے یا نہیں۔کوئی بات کسی کو کہنی تھی ، نہ معلوم کہی کہ نہیں۔خط لکھنا تھا ،لکھا تھا کہ نہیں۔غرضیکہ روز مرہ کی زندگی میں ایک غیر یقینی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے لیکن یہ علامت کھانے پینے کے معاملہ میں ظاہر نہیں ہوتی۔مثلاً ناشتہ کر کے نہیں بھولے گا، روزمرہ کی باتیں اس لئے بھولتی ہیں کہ انسان اپنی سوچوں میں کھویا رہتا ہے اور اسے یاد نہیں رہتا کہ جو کام اسے کرنا تھاوہ کیا ہے یا نہیں۔بعید نہیں کہ کیلیڈیم کا مریض ذہنی دباؤ محسوس کرتا ہو کیونکہ اس کا دماغ بیک وقت دو طرح کے کام کرتا ہے۔ایک اپنے روز مرہ کے کام اور دوسرے دماغی طور پر اپنے خیالات میں جکڑارہنا۔اسی لئے دماغ غیر حاضر رہتا ہے۔جیسے فلسفی باتیں بھول جاتے ہیں۔ایسے مریض ذہنی طور پر بہت تھک جاتے ہیں اور آخر علمی کام ان کے بس میں نہیں رہتا۔