حیات طیبہ — Page 466
466 بسم الله الرحمن الرحیم نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ مؤلف کتاب کے مختصر حالات از قلم محترم جناب مولانا ابوالعطاء صاحب جالندھری) میں اپنے دل میں خوشی اور مسرت محسوس کرتا ہوں کہ اپنے فاضل اور عزیز دوست جناب شیخ عبدالقادر صاحب نو مسلم مولوی فاضل کو ان کی کامیاب تصنیف ” پر مبارکباد دیتے ہوئے قارئین کرام کو ان کے حالات زندگی سے روشناس کراؤں۔میرے علم اور اندازہ کے مطابق محترم شیخ صاحب اسلام و احمدیت سے قلبی لگاؤ رکھنے والے خدمت اسلام کے لئے اپنے پہلو میں دردمند دل رکھنے والے اور سادہ و مومنانہ زندگی بسر کرنے والے بہترین مبلغین اسلام میں سے ہیں۔میرا ان سے تعارف بلکہ دلی دوستی اور قلبی محبت ان کے طالب علمی کے زمانہ سے ہے۔وہ ابتدا ہی سے مشہور مثل ”ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات“ کے مطابق عمدہ طبیعت رکھتے تھے اور شروع سے ہی دینی خدمت کے جذبہ سے معمور تھے۔چونکہ ان کی زندگی بہت سے نوجوانوں کے لئے نیکی کی محرک ہو سکتی ہے۔اس لئے میں ضروری سمجھتا ہوں کہ ان کے حالات زندگی بھی ان کی تالیف میں شامل کر دیئے جائیں۔اس نیت اور ارادہ سے میں یہ سطور قلمبند کر رہا ہوں۔شیخ عبدالقادر صاحب مورخه ۱۵ / اگست ۱۹۰۹ء کو موضع گورنہ پٹھاناں تحصیل بھلوال ضلع سرگودھا میں ایک ہندو کھتری گھرانے میں پیدا ہوئے تھے۔ماں باپ نے سود اگر مل نام تجویز کیا۔ان کے والد لالہ وزیر چند صاحب کوکب یہ خیال ہوسکتا تھا کہ ان کا یہ بچہ جسے وہ اپنے کاروباری مشغلہ کے پیش نظر سوداگر مل کہہ رہے ہیں آئندہ زمانہ میں جا کر اسلام کی خدمت کے ذریعہ ایک روحانی تاجر بنے والا ہے اور وہ ایک دن بہتوں کی ہدایت کا موجب ہوگا۔سوداگرمل صاحب نے پرائمری تعلیم اپنے گاؤں میں حاصل کی اور مڈل سکول لالیاں ضلع جھنگ سے مڈل پاس کیا۔مزید تعلیم کے لئے تجویزیں زیر غور تھیں اور آپ اپنے گھرانے کے افراد کیساتھ جواب ضلع سرگودھا سے ذخیرہ بیرانوالہ تحصیل حافظ آباد ضلع گوجرانوالہ میں مستقل سکونت اختیار کر چکے تھے ان کے تجارتی کاروبار میں کچھ ہاتھ بٹا رہے تھے کہ قدرت نے آپ کے لئے اسلام کی آغوش میں آنے کے سامان مہیا کر دیئے۔بات یوں ہوئی کہ تحصیل حافظ آباد کے اسی گاؤں میں جس میں سودا گریل ایک ہونہار کھتری نوجوان کی حیثیت میں رہتے تھے۔ایک مخلص احمدی اور دردمند مسلمان میاں محمد مراد صاحب بھی بزازی کی دکان کر رہے تھے اور ان کی نیکی اور راستبازی کا شہرہ دُور دُور تھا۔ہمارے عزیز دوست سود اگر مل حال شیخ عبد القادر کا تعارف جناب میاں محمد مراد صاحب سے ہو گیا