حیات قدسی

by Other Authors

Page 154 of 688

حیات قدسی — Page 154

۱۵۴ مسئلہ حیات و وفات مسیح علیہ السلام کا تکرار را ہوں ضلع جالندھر کے ایک ڈاکٹر عبدالحکیم صاحب تھے ( پٹیالوی ڈاکٹر عبدالحکیم جو مرتد ہوا وہ اور تھا) وہ ایک دفعہ سید نا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے زمانہ میں میرے ساتھ مہمانخانہ میں ٹھہرے ہوئے تھے۔دوران گفتگو میں انہوں نے بیان کیا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اپنی تقریروں اور تحریروں میں وفات مسیح کا بار بار کیوں ذکر کرتے ہیں ؟ سالہا سال سے اس مسئلہ کے متعلق اپنی تقاریر اور کتب میں وضاحت کرتے رہے ہیں۔میرے خیال میں اس تکرار کی شاید یہ وجہ ہے کہ حضرت صاحب بھول جاتے ہیں اور خیال فرماتے ہیں کہ شاید اس سے پہلے اس مسئلہ کی وضاحت نہیں ہوئی۔اس لئے دوبارہ ضرورت ہے۔ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ آج میں حضرت صاحب سے اس بارہ میں ضرور دریافت کروں گا۔اس کے بعد ہم دونوں نماز ادا کرنے کے لئے مسجد مبارک میں آئے بعد نما ز حضرت اقدس اندرون و خانہ تشریف نہ لے گئے بلکہ مسجد میں ہی حلقہ احباب میں بیٹھ گئے۔ڈاکٹر صاحب موصوف نے اپنے استفسار کے متعلق ابھی ایک لفظ بھی منہ سے نہ نکالا تھا کہ حضرت اقدس علیہ السلام نے فرمایا کہ بعض آدمیوں کے دل میں یہ خیال بھی پیدا ہوتا ہے کہ ہم جو بار بار وفات مسیح علیہ السلام کا ذکر اپنی تحریروں اور تقریروں میں کرتے ہیں تو شاید یہ اس وجہ سے ہے کہ ہم بھول جاتے ہیں ورنہ اس تکرار کی کیا ضرورت ہے۔دراصل بات یہ ہے کہ ایسا خیال کرنے والا تو شاید ہماری نسبت یہ خیال کرتا ہوگا کہ ہم بھول جانے سے ایسا کرتے ہیں لیکن ہمارا تکرار سے اس اہم مسئلہ کا ذکر کرنا اس وجہ سے ہوتا ہے کہ پڑھنے والے اس کو نہ بھول جائیں۔حضور اقدس کے الفاظ کا یہی مفہوم تھا جو میں نے درج کیا ہے جب مجلس ختم ہوئی اور حضور اقدس اندرون خانہ تشریف لے گئے تو ڈاکٹر صاحب اور خاکسار بھی مہمان خانہ میں واپس آگئے۔ڈاکٹر صاحب سخت حیرت زدہ ہو کر کہنے لگے کہ آج تو کشف القلوب کا معجزہ ہم نے بھی دیکھ لیا ہے جو کچھ حضور نے وفات مسیح کے مسئلہ کے تکرار کے متعلق بیان فرمایا وہ میرے ہی دل کا خیال تھا۔جس کا جواب بغیر میرے استفسار کے حضور نے دیدیا۔