حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد پنجم حصہ دوم) — Page 4
حیات احمد جلد پنجم حصہ دوم آخر میں میں احمدی جماعتوں کو وہ ہندوستان میں ہیں یا پاکستان میں توجہ دلاتا ہوں کہ حضرت امیر المؤمنین نے ایک موقع پر فرمایا کہ یہ کتاب ہر گھر میں ہونی چاہیے پس اس ارشاد کا احترام آپ سے ایک مطالبہ کرتا ہے اور امید کرتا ہوں کہ وہ اس کی اشاعت میں دل کھول کر حصہ لیں گے۔میں اپنے محسن مولیٰ کے فضل و کرم سے امید رکھتا ہوں کہ وہ مجھے اس کی تکمیل کی توفیق دے گا۔اور جس نے اپنے فضل سے اب تک نوازا ہے اور اس پیرانہ سالی میں توفیق روزی فرمائی آئندہ تکمیل کے سامان بھی وہی پیدا کر دے گا۔مَا ذَالِكَ عَلَى اللهِ بِعَزِيزِ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ الْمُسْتَعَانُ اللہ تعالیٰ ان معاونین کے درجات اپنے قرب میں بلند فرمائے جو آغاز کار میں میرے معاون ہوئے اور اسی سلسلہ میں اللہ تعالیٰ کے حضور پہنچ گئے وہ اپنے پیچھے باقیات صالحات کی ایک جماعت چھوڑ گئے ہیں اور جو زندہ ہیں ان کی عمر میں برکت بخشے اور حیات طیبہ روزی کرے۔آمین ضروری نوٹ میں ایک عرصہ سے بیمار چلا آرہا ہوں۔بلڈ پریشر اور اس سے پیدا شدہ عوارض سے فریش ہوں اس عرصہ میں بعض اوقات دنیا کو وداع کا سلام کہنے کی نوبت آگئی مگر اللہ تعالیٰ نے حالات کو بہتری سے بدل دیا۔اب بھی ڈاکٹروں نے محنت سے فارغ رہنے کا مشورہ دیا ہوا ہے مگر یہ مشورہ تو اس کے لئے مفید ہو سکتا ہے جو زندگی بریکاری کا دوسرا نام سمجھتا ہو۔میرے سامنے ایک کام ہے وہ پورا ہو جاوے تو شاد کام ہو جاؤں۔اسی سلسلہ علالت کی وجہ سے کافی نگرانی نہ کر سکا اور اغلاط رہ گئیں اللہ تعالیٰ معاف کرے دوستوں نہیں مخلص بھائیوں سے التجاء ہے کہ توفیق تکمیل کی دعا کریں۔جَزَاهُمُ اللَّهُ أَحْسَنَ الْجَزَاءِ یکم مارچ ۱۹۵۶ء اَحْقَرُ الْعِبَادِ عرفانی الاسدی