حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد دوم)

by Other Authors

Page iii of 621

حیاتِ احمد (حیاتِ احمد۔ جلد دوم) — Page iii

حیات احمد نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ پیش لفظ حضرت اقدس مسیح موعود و مہدی موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی سیرت و سوانح پر حیات احمد کو مآخذ کا درجہ حاصل ہے۔جو محترم حضرت شیخ یعقوب علی صاحب عرفانی ” کی تالیف و تصنیف ہے۔حضرت عرفانی صاحب کا ابتدائی صحابہ میں شمار ہوتا ہے۔آپ کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی صحبت میں رہنے کی سعادت و عزت حاصل رہی اور اکثر و بیشتر اہم مواقع پر حاضر رہے اور حالات کے چشم دید شاہد ہیں۔اس لئے ان کے ذکر و بیان میں واقعاتی جزئیات کے علاوہ کیفیات و جذبات کی بھی بھر پور عکاسی ہے۔ان کی یہ محنت و کاوش آئندہ نسلوں پر ایک احسان ہے۔اللہ تعالیٰ ان کو اس کی جزائے خیر دے اور ان کے درجات بلند فرماتا رہے۔آمین مدت مدید سے نایاب ہونے کی وجہ سے اس کتاب کی شدید ضرورت محسوس ہو رہی تھی۔چنانچہ دوبارہ اشاعت کا اہتمام کیا گیا۔جس کی پہلی جلد قارئین کے ملاحظہ میں آچکی ہے۔اب دوسری جلد بھی پیش خدمت ہے۔طباعت بار دوم میں بھی جلدوں کے حصوں کی تقسیم کو اپنی اصل حالت میں قائم رکھا گیا ہے البتہ انہیں مربوط کرنے کے لئے صفحات کو مسلسل کر دیا گیا ہے۔اس جلد کی تیاری میں حوالہ جات اور دیگر ضروریات کو باہم کرنے کے سلسلہ میں محترم محمد یوسف شاہد مربی سلسلہ نظارت اشاعت نے بڑے شوق اور توجہ سے محنت کی ہے۔کتاب کی طباعت و اشاعت کے کئی مراحل ہوتے ہیں۔ہر مرحلہ پر اشاعت کے کارکنان نے اپنے اپنے حصہ کا مقررہ کام بڑی خوش اسلوبی سے نبھایا۔اس کی سیٹنگ وغیرہ میں محترم عدیل خرم صاحب مربی سلسلہ نظارت اشاعت نے بڑے ذوق سے اپنا حصہ ڈالا۔جَزَاهُمُ اللَّهُ اَحْسَنُ الْجَزَاء یکم دسمبر ۲۰۱۳ء خالد مسعود ناظر اشاعت