ہمارا آقا ﷺ

by Other Authors

Page 11 of 158

ہمارا آقا ﷺ — Page 11

ہمارا آقا ع 11 (1) بیٹے کی قربانی جب حضرت اسمعیل علیہ السلام مکہ کی کھلی ہوا میں پرورش پاکر جوان ہو گئے تو اُن کے مقدس باپ علیہ السلام کا اللہ تعالیٰ نے دوبارہ امتحان لینا چاہا۔یہ امتحان پہلے سے بھی سخت تھا۔خدا نے خواب میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کو حکم دیا کہ جاؤ اور اپنے بیٹے کو چھری سے ذبح کر ڈالو دُنیا میں ایسا کب ہوا ؟ اور آسمان نے ایسا نظارہ کب دیکھا ؟ کہ کسی بوڑھے باپ نے اپنے ہاتھ سے اپنے جوان بیٹے کا گلا کاٹا ہو؟ یہ تو ایسی بات ہے کہ اس کے صرف خیال ہی سے آدمی کے بدن پر لرزہ طاری ہو جاتا ہے۔مگر حضرت ابراہیم خدا کے سچے عاشق تھے وہ خواب دیکھتے ہی چھری لے کر سفر پر روانہ ہو گئے۔جب مکہ میں پہنچے تو سعادت مند اور لائق فرزند نے بڑے شوق اور ادب کے ساتھ باپ کی آؤ بھگت کی۔حضرت ابراہیم علیہ السلام بیٹے کو الگ لے گئے اور اس سے کہنے لگے :۔" مجھے خدا نے حکم دیا ہے کہ تجھے ذبح کر ڈالوں ، بول تیری کیا مرضی ہے؟“