حدیقۃ الصالحین

by Other Authors

Page 77 of 863

حدیقۃ الصالحین — Page 77

77 میں ہیں۔ہم نہیں جانتے کہ اس میں وہ کیا کچھ کرنے والا ہے اور ابو سفیان کہتے تھے۔اللہ کی قسم کسی بات نے موقعہ نہیں دیا کہ اس میں اپنی طرف سے کچھ کہوں سوائے اس بات کے۔اس نے پوچھا۔کیا کسی نے اس سے پہلے یہ دعویٰ کیا ہے ؟ میں نے کہا نہیں۔پھر اس کے بعد اس نے اپنے ترجمان سے کہا اس سے کہو کہ میں نے تم سے اس کے خاندان سے متعلق پوچھا تھا کہ وہ تم میں کیسا ہے ؟ تو تم نے کہا ہے کہ وہ ہم میں خاندانی ہے اور رسول بھی اس طرح اپنی قوم کے شریف خاندانوں ہی میں سے ہوتے ہیں اور میں نے تم سے پوچھا۔کیا اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ بھی ہوا ہے ؟ تو تم نے کہا نہیں۔میں نے خیال کیا اگر اس کے باپ دادوں میں سے کوئی بادشاہ ہوا ہو تو میں سمجھتا کہ ایک ایسا شخص ہے جو اپنے باپ دادوں کی بادشاہت کا خواہاں ہے اور میں نے تم سے اس کے پیرؤوں کی بابت پوچھا تھا کیا وہ لوگوں میں سے کمزور ہیں یا ان میں سے بڑے بڑے لوگ ؟ تو تم نے کہا نہیں ان میں کمزور اور یہی لوگ رسول کے پیرو ہوتے ہیں اور میں نے تم سے پوچھا۔کیا جو اس نے دعویٰ کیا ہے اس دعویٰ کرنے سے پہلے تم اس کو جھوٹ سے متہم کرتے تھے ؟ تم نے کہا نہیں۔میں اس سے سمجھ گیا کہ وہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ لوگوں پر تو جھوٹ ترک کرے اور اللہ پر جھوٹ باندھنے لگے اور میں نے تم سے پوچھا۔کیا ان میں سے کوئی اپنے دین سے اس میں داخل ہونے کے بعد اس دین سے نفرت کرنے کی وجہ سے مرتد بھی ہوتا ہے؟ تم نے کہا نہیں اور ایمان کی یہی حالت ہوتی ہے جب وہ دلوں میں بشاشت سے سما جاتا ہے اور میں نے تم سے پوچھا تھا۔کیا وہ بڑھ رہے ہیں یا گھٹ رہے ہیں؟ تو تم نے کہا بڑھ رہے ہیں اور ایمان کا یہی حال ہوتا ہے۔یہاں تک کہ وہ کمال کو پہنچ جائے اور میں نے تم سے پوچھا تھا۔کیا تم نے کبھی اس سے لڑائی بھی کی ؟ تم نے کہا کہ ہم نے اس سے جنگ کی اور جنگ تمہارے اور اس کے درمیان ڈول کی طرح ہے۔کبھی وہ تم کو نقصان پہنچاتا ہے اور کبھی تم اس کو نقصان پہنچاتے ہو اور رسولوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے مگر آخر انجام انہی کا ہوتا ہے اور پھر میں نے تم سے پوچھا۔کیا وہ عہد شکنی کرتا ہے ؟ تم نے کہا نہیں۔اس طرح رسولوں کا حال ہوتا ہے کہ وہ عہد شکنی نہیں کرتے اور میں نے تم سے پوچھا۔کیا اس سے پہلے کسی نے یہ دعویٰ کیا ؟ تم نے کہا نہیں۔میں نے خیال کیا کہ اگر اس سے پہلے کوئی یہ دعویٰ کرتا تو میں سمجھتا ایک شخص ہے کہ جس نے ایسی بات کی تقلید کی ہے جو اس سے پہلے بھی کہی گئی۔ابوسفیان