بنیادی مسائل کے جوابات

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 238 of 684

بنیادی مسائل کے جوابات — Page 238

سوال: ایک ممبر لجنہ نے حضور انور کی خدمت اقدس میں عرض کیا کہ حضور جب خلافت سے پہلے افریقہ تشریف لے گئے تب کے حالات اب جیسے نہیں تھے اس وقت آپ کو کام کرتے ہوئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہو گا۔حضور سے درخواست ہے کہ اس وقت کا کوئی تجربہ ہمیں بتائیں؟ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس سوال کا درج ذیل الفاظ میں جواب عطا فرمایا۔حضور انور نے فرمایا: جواب: بات یہ ہے کہ مشکلات کا سامنا تو کرنا پڑتا ہے۔اور اس وقت بڑے مشکل حالات تھے ، اب تو بڑے اچھے حالات ہیں۔تو یہی تھا کہ جس کام کے لئے ہم آئے ہیں اس کام کو کرنا ہے اور اس مقصد کو پورا کرنا ہے۔مشکلات تو کام کے رستہ میں سامنے آتی ہیں لیکن دین کے کام میں مشکلات روک نہیں بننی چاہئیں۔اس لئے ہماری ، میری بھی اور میری بیوی کی بھی اُس وقت یہی کوشش ہوتی تھی کہ ہمارے جو کام ہیں وہ چلتے رہیں اور کوئی روک نہ ہمیں بنے۔اور ایسے حالات میں، مشکل حالات میں عورتوں کو بھی خاوندوں کا ساتھ دینا چاہیئے اور خاوندوں کو بھی عورتوں کا خیال رکھنا چاہیئے۔اور جو دینی کام ہیں وہ چلتے رہنے چاہئیں۔باقی اللہ تعالیٰ پر توکل کرتے ہوئے جب آپ کام کرتے ہیں تو چاہے مشکل حالات بھی ہوں اللہ تعالیٰ ان کے حل کا کوئی نہ کوئی ذریعہ نکال دیتا ہے۔اور اسی طرح کام کرنے کے ساتھ ساتھ دعا بھی کرتے رہنا چاہیئے تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت بھی ڈال دیتا ہے۔بس یہی تھا کہ محنت کرو اور دعا کرو تو اللہ تعالیٰ حل کر دیتا ہے۔کسی بات سے گھبرانا نہیں چاہیئے۔(قسط نمبر 18، الفضل انٹر نیشنل 16 جولائی 2021ء صفحہ 11) 238